75ویں یوم آزادی کے موقع پر معالجین کو اعزازات دئیے گئے
دیوبند کے ڈاکٹروں وطبیبوں کو بہترین خدمات کے صلہ میں اعزازات سے نوازا گیا

دیوبند، 9؍ اگست (رضوان سلمانی) بی جے پی میڈیکل سیل کی جانب سے شہر کے ڈاکٹر وطبیبوں کو ان کی بہترین خدمات کے صلہ میں اعزازات سے نوازا گیا ۔75؍ویں یوم آزادی اور آزادی کا امرت مہاتسو منائے جانے کے موقع پر دیوبند کی بی جے پی سیل کی جانب سے شہر کے ڈاکٹروں وطبیبوں کو ان کی بہترین خدمات کے صلہ میں اعزازات سے نوازاگیا۔تفصیل کے مطابق بی جے پی مقامی یونٹ کی جانب سے دیوبند کے جہاں گارڈن میں ایک شاندار اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔بی جے پی میڈیکل سیل کے ضلع کنوینر ڈاکٹر سکھ پال سنگھ نے آزادی کی 75؍ویں سالگرہ کے موقع پر اس اعزازی تقریب کے دوران شہر کے ڈاکٹروں وطبیبوں کو کووڈ 19کے پھیلاؤ کے دوران ان کی بہترین یونانی ومیڈیکل خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اعزازات سے نوازا ۔
اس اعزازی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مقامی ایم ایل اے اور وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت سابق ضلع صدر ڈاکٹر مہندر سنگھ نے کی ۔اس موقع پر کنور برجیش سنگھ نے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کہا کہ کورونا وباء کے دوران شہر کے معا لجین بالخصوص جامعہ طبیہ کالج دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے شاندار خدمت خلق انجام دیتے ہوئے مرکزی اور صوبائی گائڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے کووڈ متاثرین کی مدد اور مرض پر قابو پانے کے لئے دن رات میڈیکل سہولیات مہیا کرائیں وہ نہایت قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تقریباً تمام معا لجین نے اس سلسلہ میں خدمت خلق کے جذبہ سے جو خدمات انجام دی ہیں ان کا بدل تو ہم پیش نہیں کرسکتے البتہ انہیں اعزاز دیکر ان کی خدمات کا اعتراف کرسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ضلع سہارنپور اس معاملہ میں پہلے نمبر پر رہا۔اس اعزازی تقریب کے دوران ڈاکٹر ڈی-کے-جین-ڈاکٹر انور سعید ڈاکٹر آر -کے-رستوگی،ڈاکٹر اروند گوئل،ڈاکٹر قمر الزمان،ڈاکٹر جمیل حسین،ڈاکٹر محمد اعظم،ڈاکٹر اشونی پنڈیر،ڈاکٹر دشینت پنڈیرو دیگر معالجین کو اعزازات سے نوازا گیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ارون گپتا نے انجام دئیے۔اس موقع پر منوج سنگھل،روندر بٹو،سیٹھ کلدیپ،ضرار بیگ ،دیپک راج سنگھل اور شہر کی معزز شخصیات موجود رہیں۔