دیوبندیوپی

50سال کی عمر پوری کرچکے کام میں لاپرواہی برتنے والے اساتذہ کو سبکدوش کیا جائے گا

بی ایس اے کی جانب سے مکتوب جاری کرکے ایسے اساتذہ کی اسکریننگ کرنے کے احکامات دئیے

دیوبند، 3؍ اگست (رضوان سلمانی) 50سال کی عمر پوری کرچکے لاپرواہ یا کام میں لاپرواہی برتنے والے اساتذہ کو سبکدوش کیا جائے گا، اس کے لئے بی ایس اے کی جانب سے اے بی ایس اے کو مکتوب جاری کرکے ایسے اساتذہ کی اسکریننگ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، بی ایس اے کی جانب سے جاری کئے گئے مکتوب کے بعد 50سال کی عمر پوری کرچکے اساتذہ میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ ریاستی حکومت سبھی سرکاری محکموں میں 50سال کی عمر پوری کرچکے ایسے ملازمین کو ضروری طور سے سبکدوش کررہی ہے جو کسی وجہ سے کام کرنے میں لاپرواہ ہیں جو سرکار کا کہنا ہے کہ اس سے سرکاری خدمات میں قابل لوگ آگے آئیں گے۔

اس سلسلہ میں چیف سکریٹری نے جون کے مہینہ میں سبھی اضلاع کو مکتوب جاری کرکے سبھی محکموں میں ایسے ملازمین کی اسکریننگ کرنے کے احکامات دیئے تھے ۔ چیف سکریٹری کے احکامات کے مطابق ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے سبھی محکموں کو اسکریننگ کرانے کی ہدایت دی ہے جس سے لاپرواہ ملازمین کو سبکدوش کیاجاسکے۔ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت کے بعد بی ایس اے امریش کمار نے سبھی ضلع کے اے بی ایس اے کو مکتوب جاری کرتے ہوئے اساتذہ کی اسکریننگ کرنے کے لئے کہا ہے ۔ اسکریننگ میں 50سال کی عمر پوری کرچکے اساتذہ کا ریکارڈ دیکھا جائے گا اگر وہ کام کرنے میں نااہل ہے یا کام کے تئیں لاپرواہی برت رہے ہیں تو ان کو سبکدوش کیا جائے گا۔ جب سے اسکریننگ کا مکتوب جاری کیا گیا ہے اسی وقت سے ضلع سہارنپور کے اساتذہ میں کھلبلی مچی ہوئی ہے ۔

ضلع سہارنپور میں پرائمری اور جونیئر ہائی اسکول 1438ہیں جس میں تقریباً 40ایڈڈ اور 11کستوربا گاندھی اسکول ہیں ان میں تقریباً 5ہزار اساتدہ تعینات ہیں ، ایک اندازہ کے مطابق ان میں سے تقریباً 40فیصدی یعنی تقریباً 2ہزار اساتذہ ایسے ہیں جو 50سال کی عمر پوری کرچکے ہیں ، ایسے میں وہ سبھی اساتذہ اس وقت ٹینشن میں ہیں ۔ بتایا جارہاہے کہ ایسے زیادہ اساتذہ نے اپنے طور طریقوں میں سدھار کرتے ہوئے اسکولوں میں وقت سے پہنچنے اور اپنی ڈیوٹی کے تئیں سنجیدگی برتنا شروع کردی ہے۔

اس سلسلہ میں بی ایس اے امریش کمار کا کہنا ہے کہ ریاست میں تقریباً پانچ سال سے ملازمین کی ضروری سبکدوشی چل رہی ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت کے بعد ہم نے سبھی ضلع کے اے بی ایس اے کو مکتوب جاری کرتے ہوئے اساتذہ کی اسکریننگ کرنے کو کہا ہے جو بھی استاذ 50سال کی عمر پوری کرچکے ہیں اور وہ کسی وجہ سے کام کرنے میں لاپرواہی برت رہے ہیں انہیں حکومت کی ہدایت کے مطابق سبکدوش کیا جائے گا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button