دیوبند

جامعہ طبیہ دیوبند کے طلبہ وطالبات نے پربھات پھیر ی نکالی دیہی علاقوں میں جاکر جھنڈے تقسیم کئے

ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم آزادی کی مشعل کی روشنی کو دھندلا نہ ہونے دیں۔ڈاکٹر انور سعید

دیوبند،11؍اگست(رضوان سلمانی) آزادی کے 75؍سال مکمل ہونے پر آزادی کے امرت مہاتسو کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی اور صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایات کی روشنی میں دیوبند کے جامعہ طبیہ میڈیکل کالج میں 11اگست سے آزادی ہفتہ کا آغاز کیا گیا جس کا افتتاح ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انورسعید نے کیا ۔اس موقع پر جامعہ طبیہ دیوبند کے طلبہ وطالبات اور اسٹاف کی جانب سے نکالی جانے والی پربھات پھیر ی کو انہوں نے جھنڈا دکھا کر روانہ کیا۔یہ پربھات پھیری جی ٹی روڑ سے ہوتے ہوئے نزدیکی دیہی علاقوں میں گئی اور ان علاقوں میں آزادی ہفتہ کی تشہیر کرتے ہوئے گاؤں کے باشندوں درمیان ہزاروں کی تعداد میں ہندوستانی پرچم ترنگا تقسیم کئے گئے ۔

اس پربھات پھیر میںجامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید سمیت ادارہ کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید اور پرنسپل ڈاکٹر ناصر علی خان خصوصی طور سے شامل رہے ۔پربھات پھیر ی کے دوران طلبہ وطالبات نیز اسٹاف ممبران نے نہایت جوش وخروش کے ساتھ حب الوطنی کے نعرے لگاتے ہوئے ملک کے شہیدوں کو یاد کیا اور پورے ڈسپلن کے ساتھ اس پربھات پھیری کو مختلف دیہی علاقوں سے گذارتے ہوئے واپس ادارہ میں لاکر ختم کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر انور سعید نے تمام طلبہ وطالبات اور اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ہر ایک شخص کا آئینی حق ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کے آزادی کی تاریخ پوری دنیا کے لئے ایک نایاب مثال ہے اسی آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم ہند اور صوبائی وزیر اعلیٰ نے آزادی کے امرت مہاتسو کے عنوان سے اس یوم آزادی کو حب الوطنی اور بھر پور جوش ولولے کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے اسلئے تمام ہندستانی باشندوں کا یہ فرض ہے کہ وہ آزادی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنے جانب سے حب الوطنی کے جذبہ کے تحت ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے اپنے جوش وجذبہ کا اظہار کریں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ مرکزی حکومت اور صوبائی حکومت نے حب الوطنی کی اس مشعل کو ایک مرتبہ پھر روشن کرتے ہوئے ہر ہندوستانی کے دل ودماغ میں آزادی کے جذبہ کو برقرار رکھنے کے اقدامات کے تحت آزادی ہفتہ منانے کی اپیل کی ہے اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم آزادی کی مشعل کی روشنی کو دھندلا نہ ہونے دیں ۔

انہوں نے بتایا کہ 11اگست سے 17اگست تک جاری احکامات اور ہدایات کے مطابق جامعہ طبیہ دیوبند سے پربھات پھیری نکالی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کی مہم بھی چلائی جائے گی ۔جامعہ طبیہ دیوبند کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے بتایا کہ 13اگست سے 15اگست تک ہر گھر ترنگا مہم کے تحت پرچم کشائی اور 14اگست کو ہندوستان اور پاکستان کی تقسیم کے عنوان تحت سیمینار منعقد کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ یوم آزادی سے متعلق دیگر ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے تمام اہل وطن بالخصوص ادارہ کے طلبہ وطالبات سے اپیل کی کہ مرکزی و صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق نہایت جوش وخروش اور حب الوطنی کے جذبہ کے ساتھ آزادی ہفتہ کے ہر پروگرام میں شریک رہیں۔اس موقع پر ادارہ کے جملہ اسٹاف اور طلبہ وطالبات موجود رہے ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button