یوپی

یو پی: چھ ہزارغیر تسلیم شدہ مدارس کی شناخت، سروے 20اکتوبر تک رہے گا جاری

لکھنؤ، 14اکتوبر ( ہندوستان اردوٹائمز) یوپی میں مدارس کے سروے کا کام تیزی سے ہو رہا ہے۔ ریاست میں ضلع اقلیتی بہبود افسر اور ایس ڈی ایم مل کر سروے کر رہے ہیں۔ مگر اب اتر پردیش حکومت نے مدارس کی تحقیقات کی تاریخ بڑھا دی ہے۔ اب غیر تسلیم شدہ مدارس کی چھان بین 20 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ 15 نومبر تک تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹس مدارس کی سروے رپورٹ حکومت کو پیش کریں گے۔اتر پردیش کے اقلیتی بہبود کے وزیر دھرم پال سنگھ نے مدرسہ سروے کے حوالے سے بڑی جانکاری دی ہے۔

آپ کو بتا دیں کہ اس سے قبل مدارس کے سروے کی آخری تاریخ 5 اکتوبر تھی۔ 10 اکتوبر کو سروے ٹیم نے اپنی رپورٹ ضلعی حکام کو پیش کرنی تھی۔ پھر 25 اکتوبر تک ڈی ایم کی رپورٹ حکومت کو بھیجی جانی تھی۔ لیکن، اب ان تاریخوں کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یوپی حکومت 12 نکات پر مدارس کی جانچ کر رہی ہے۔معلومات دیتے ہوئے وزیر دھرم پال سنگھ نے کہا کہ اب تک 6436 غیر تسلیم شدہ مدارس کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 5170 مدارس کے سروے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مدارس کے طلبا کو معیاری اور بہتر تعلیم فراہم کرنا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے اور اسی مقصد سے یہ سروے کیا جا رہا ہے۔معلومات کے مطابق اس وقت اتر پردیش میں تقریباً 16 ہزار پرائیویٹ مدارس کام کر رہے ہیں، جن میں دنیا کے مشہور اسلامی تعلیمی ادارے دارالعلوم دیوبند،وقف دارالعلوم ، دیوبند،دارالعلوم ندوۃ العلماء ، مظاہر علوم سہارن پوراور مدرسہ قاسمیہ شاہی مرادآباد شامل ہیں۔ اس سلسلے میں 6 ستمبر کو دہلی میں جمعیۃ علمائے ہند کی میٹنگ بھی ہوئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر حکومت سروے کرنا چاہتی ہے تو کرائے، لیکن اس میں کوئی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

یوپی کے ڈپٹی سی ایم برجیش پاٹھک نے کہا کہ سروے کرنے کا مقصد تعلیمی مشن کا احیاء ہے۔اتر پردیش کی سرحد پر چلنے والے مدارس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جن مدارس میں مبینہ طو رپر غلط سرگرمیاں چل رہی ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔جو لوگ حکومت کیخلاف ہیں اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ مرادآباد میں 585 غیر تسلیم شدہ کی شناخت ہوئی ہے، شہر میں ان کی تعداد 175 کے قریب ہے،جبکہ باقی مدارس دیہی علاقوں میں قائم ہیں۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button