یوگی آدتیہ ناتھ نے دوسری بار وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا

لکھنؤ،25؍مارچ (ہندوستان اردو ٹائمز) یوگی آدتیہ ناتھ نے آج دوسری بار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا۔ حلف برداری کی تقریب کا اہتمام لکھنؤ کے بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی انٹرنیشنل اکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کیا گیا ، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی کابینہ کے کئی ارکان، بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد میں کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک نے یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو یوگی آدتیہ ناتھ کو متفقہ طور پر بی جے پی کی نو منتخب لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ یوگی کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ رگھوور داس کی موجودگی میں لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا، ایک تجویز پیش کی گئی جس پر تمام ممبران اسمبلی نے اتفاق کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے حال ہی میں ختم ہونے والے انتخابات میں حکمراں بی جے پی کو 255 سیٹیں ملی ہیں، جبکہ اس کی اتحادی اپنی دل سونی لال کو 12 اور نشاد پارٹی نے 6 سیٹیں حاصل کی ہیں۔