ٹریکٹر ریلی نکالنے کے باعث: سابق وزیر جیتو پٹواری سمیت 50 کانگریسیوں کیخلاف درج مقدمہ

اندور،16؍جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) کانگریس قائدین کی پریشانی ایک بار پھر بڑھ سکتی ہے۔ جمعہ کے روز سابق وزیر جیتو پٹواری ، سداشیو یادو ، دولت پٹیل سمیت 50 کے لگ بھگ کانگریسوں پر کسانوں کی تحریک کی حمایت میں احتجاج اور ٹریکٹر مارچ کے سلسلے میں تیجا جی پولیس اسٹیشن میں دفعہ 188 اور دفعہ 341 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ تین ماہ قبل 200 ایم ایل اے ، کونسلرز سمیت 200 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ، جنہوں نے دھرنا کیا تھا اور پولیس کنٹرول روم میں نعرے لگائے تھے۔زرعی ایکٹ کے خلاف ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے احتجاج اور تیجاجی نگر چوراہے کے قریب دو گھنٹے تک ناکہ بندی کی ۔ ٹریکٹر سڑک پر کھڑی تھی، اور درمیان میں سڑک پر قائدین کارکن بیٹھے تھے۔ ا نہوں نے دو گھنٹے تک تقریر کی، اپنی تقریر میں کانگریس قائدین نے مرکزی حکومت اور مودی کو نشانہ بنایاتھا۔ دوپہر 12 بجے سے کانگریسی لیڈران ٹریکٹر لے کر پہنچے، جب پولیس نے سڑک کے دونوں طرف میں رکاوٹ ڈالی اور گاڑیوں کی آمدورفت کو روکا تو ضلع کانگریس کے صدر سداشیو یادو جو اس ہڑتال کی قیادت کررہے تھے ، ناراض ہوگئے۔ انہوں نے کہاتھا کہ ہمارے ٹریکٹروں کو اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے؟ کسان بھی اس ہڑتال میں شامل ہیں ، ان کے ٹریکٹر آنے دیں۔ اسی دوران سابق وزیر جیتو پٹواری بھی چکاجام کے آدھے گھنٹے بعد پہنچے،انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کے مطالبے کو قبول نہیں کررہی ہے۔ کسان پریشان ہیں ، لیکن حکومت توجہ نہیں دے رہی ہے۔ امبانی اور اڈانی کو مالی فائدہ پہنچانے کا کام کیا جارہا ہے۔