یوپی

اے ایم یو وائس چانسلر نے کورونا وائرس کے ٹرائل کے لیے پہلے رضاکار کے طور پر اپنا رجسٹریشن کرایا

علی گڑھ10نومبر(آئی این ایس انڈیا) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں کورونا وائرس کی ویکسین کے تیسرے مرحلہ کے ٹرائل کے لئے بطور رضاکار آج سب سے پہلا رجسٹریشن وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے خود کرایا۔ ’بھارت بایوٹیک‘ کی ویکسین ’کوواکسِن‘ کا ٹرائل جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں 14؍نومبر سے شروع ہوگا جس کے لئے آج سے رضاکاروں کے رجسٹریشن کا باقاعدہ افتتاح پروفیسر طارق منصور نے کیا اور دوسروں کے لئے ایک مثال پیش کرتے ہوئے خود پہلے رضاکار کے طور پر اپنا رجسٹریشن بھی کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہاکہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) سے اسپانسرشدہ اس ٹرائل میں کوئی خطرہ نہیں ہے اور اس کے لئے اٹھارہ سال اور اس سے اوپر کے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو رجسٹریشن کرانے کے لئے آگے آنا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ کلینیکل ٹرائل میں رضاکارانہ خدمات پیش کرنے سے ریسرچ اور بہتر علاج میں مددگار بننے کا موقع ملتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ٹرائل کے دوران ویکسین کے محفوظ ہونے اور اس کے مؤثر ہونے کی جانچ کی جائے گی۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی نے بتایا کہ ڈاکٹروں ، سوشل ورکروں اور ماہرین قانون پر مشتمل ایک اخلاقیات کمیٹی قائم کی جاچکی ہے جو ٹرائل سے متعلق امور کا بندوبست کرے گی۔ ٹرائل کے پرنسپل انویسٹی گیٹر پروفیسر محمد شمیم نے کہاکہ ’کوواکسِن‘ کے پہلے اور دوسرے مرحلہ کے ٹرائل کے نتائج بہت حوصلہ بخش رہے ہیں اور تیسرے مرحلہ کے ٹرائل کے لئے رجسٹریشن کرانے والے رضاکاروں کو آئی سی ایم آر کی رہنما ہدایات کے مطابق سفری اخراجات اور دیگر فوائد ملیں گے۔ فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر راکیش بھارگو نے اپنے رفقاء سے ویکسین ٹرائل کے لئے بطور رضاکار رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی۔ افتتاحی تقریب میں کووِڈ-19 سے متعلق رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کیا گیا۔ اس موقع پر رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس، میڈیسن شعبہ کے سربراہ پروفیسر شاداب اے خاں، ای این ٹی شعبہ کے چیئرپرسن پروفیسر کملیش چندرا، سرجری شعبہ کے سربراہ پروفیسر امجد علی رضوی، صدر شعبۂ امراض خواتین و زچگی پروفیسر نشاط اختر، انٹر ڈسپلنری بایوٹکنالوجی یونٹ کے کوآرڈنیٹر پروفیسر اسد یو خاں، کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے سربراہ پروفیسر انیس احمد، سوشل ورک شعبہ کے سربراہ رپروفیسر نسیم احمد خاں، ای سی ممبر پروفیسر نجم خلیق اور دیگر اساتذہ و اہلکار موجود تھے۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close