
دیوبند، 21؍ مارچ (رضوان سلمانی) یوپی بورڈ کے ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 24مارچ سے شروع ہورہے ہیں ، انتظامیہ نے امتحان کو لے کر تیاریاں مکمل کرلی ہیں ، نقل پر اس مرتبہ بھی سختی ہوگی ، نقل کرانے والوں پر راسوکا کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انسپکٹر آف اسکول روی دت نے بتایا کہ ریاست میں بورڈ امتحانات کو نقل سے پاک کرانے کے لئے چیف سیکریٹری درگا شنکر مشر نے ہدایت جاری کی ہے کہ جس سینٹر پر نقل کرانے کی شکایت موصول ہوگی اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس کے لئے سینٹر کے منتظمین کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ اگر کہیں پر سے بھی اورکسی بھی طرح کی لاپرواہی برتی گئی تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ امتحانات کے لئے پانچ اسکوائڈ دستے تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ انسپکٹر آف اسکول روی دت نے بتایا کہ سوالناموں کو پولیس کی نگرانی میں رکھا جائے گا ، ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے افسران کی نگرانی میں، پولیس کسٹڈی میں امتحان سینٹروں پر سوالناموں کی تقسیم ہوگی ، انسپکٹر آف اسکول نے یہ بھی بتایا کہ اس مرتبہ سوالنامے پانچ مرتبہ سینٹروں پر پہنچیں گے جہاں پہلے سوالنامے ایک ساتھ آجاتے تھے لیکن اس مرتبہ سوالناموں کومحفوظ رکھنے کے لئے انہیں خفیہ رکھا گیا ہے ، شروعات کے دو تین روز میں ہونے والے امتحانات کے سوالنامے امتحان سینٹروں پر پہنچ گئے ہیں ، جب کہ دیگر امتحانات کے سوالنامے امتحان کے دوران ہی آئیں گے۔
یوپی بورڈ اس مرتبہ امتحان کو لے کر کافی سختی برت رہا ہے ، پہلی مرتبہ روم انچارج کی ڈیوٹی آن لائن لگے گی ، تعیناتی ضلع میں نہیں بلکہ یوپی بورڈ لگائے گا وہیں سوالناموں اور کاپیوں کو ڈبل لاک میں رکھا جائے گا اور وہ 24گھنٹے سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں رہیں گے۔ اسمبلی انتخابات کے سبب یوپی بورڈ کے امتحانات رکے ہوئے تھے 8مارچ کو یوپی بورڈ نے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان طے کردیا تھا جس کے تحت ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات ایک ساتھ 24مارچ سے شروع ہوںگے۔ ضلع سہارنپور میں 101سینٹروں پر امتحان کرائے جائیں گے ، امتحان کو نقل سے پاک کرانے کے لئے تیاریاں کی جارہی ہیں ، پہلی مرتبہ روم انچارجوں کی تعیناتی آن لائن کے ذریعہ یوپی بورڈ کی جانب سے کی جائے گی اور اس کے لئے بورڈ نے اساتذہ کی پوری تفصیل مانگی ہے۔ انسپکٹر آف اسکول روی دت نے بتایا کہ پہلی مرتبہ روم انچارجوں کی ڈیوٹی آن لائن لگائی جارہی ہے۔