
یوم جمہوریہ کے موقع پر جمعرات کو بہار کے پورنیا ضلع کے مدھوبنی سپاہی ٹولہ میں مبینہ طور پر ایک پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔ یہ اطلاع مقامی پولیس نے دی۔ پولیس نے کہا کہ اس واقعہ سے مقامی لوگوں میں کھلبلی مچ گئی۔
پولیس کے مطابق، ایک مسجد سے لگے ایک گھر میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا ہوا پایا گیا۔ پولیس نے آگے بتایا کہ گھر کے مالک کی پہچان مبارک الدین کے طور پر ہوئی ہے۔ ایس ایچ او مدھوبنی پون چودھری نے کہا کہ اس مدعے پر ایسڈ ی او پورنیا کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے۔
ایس ایچ او نے کہا کہ ہم گھر پر پاکستان کا جھنڈا لہرائے جانے کی اطلاع ملنے پر فوری پہنچے۔ پرچم کو فوری ہٹادیا گیا ہے۔ اس معاملے کو ایسڈ ی او پورنیا کے روبرو اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سبھی ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔
بتادیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالات کشیدہ ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات بھی جاری نہیں ہیں۔ اس دوران، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس (Ned Price) نے کشمیر کے معاملے پر میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعمیری مصروفیات کا حامی ہے، تاہم بات چیت کی نوعیت کا فیصلہ دونوں ممالک کو کرنا ہوگا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کے حالیہ دعووں کے بارے میں پوچھے جانے پر پرائس نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکہ تعمیری مشغولیت کی حمایت کرتا ہے۔
(نیوز ۱۸ اردو کے شکریہ کے ساتھ)