یومِ آزادی ایک خاص اہمیت کا حامل دن ہے: عبدالمالک مغیثی

دیوبند، 4؍ اگست (رضوان سلمانی) آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے پریس کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا ملک 75واں یومِ آزادی منانے جارہا ہے۔ ہم سب اِس سے واقف ہیں کہ کس طرح ہندوستان انگریزوں کے ظلم و ستم، جابرانہ پالیسیوں اور غلامی کی زنجیروں سے 15اگست 1947 کو آزاد ہوا۔ہمیں یہ ملک اتنی آسانی سے عطا نہیں ہوا۔ لاکھوں شہداء نے اپنا مقدس لہو وطن کے وجود کی خاطر نذر کیا۔آزادی کے متوالوں نے بلند حوصلوں کے ساتھ عظیم قربانیاں پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی جہاں ایک خاص اہمیت کا حامل اور حب الوطنی کے جذبہ سے بھرپور ایک خاص دن ہے وہیں یہ دراصل خود احتسابی کا دِن بھی ہے۔ حسب سابق امسال بھی تقریب یوم آزادی کو تمام جگہوں پر منعقد کئے جانے کی ضرورت ہے جس کے لئے ملی کونسل سہارنپور تمام احباب سے مرکزی ملی کونسل کی خصوصی ہداہت پر یہ اپیل کرتی ہے کہ ہم سب 75واں یوم آزادی منانے کا اہتمام کریں اور بھارت کی آزادی میں اکابرین کی جدوجہد اور ان کی جنگِ آزادی میں ناقابل فراموش قربانیوں سے آج کی نوجوان نسل کو خصوصاً سیکولر ہندوؤں کو واقف کرائیں، اور یہ اس وقت اور بھی ضروری ہوجاتا ہے جبکہ فرقہ پرستوں کی جانب سے مسلمانوں کی تاریخ مسخ کی جانے کی پوری کوشش ہو رہی ہو۔