ہندوستان

کورونا وائرس سے بچنے اور بچانے کے لئے حکومت اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں : مولانا متین الحق اسامہ

کانپور ۔ 24؍مارچ 2020 (پریس ریلیز)
دنیا اور ملک میں تیزی سے بڑھتے اور پھیلتے وبائی مرض کورونا وائرس سے بچنے اور بچانے کیلئے حکومت اورمحکمہ ٔ صحت کی طرف سے جو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں ان پر سنجیدگی سے عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔نماز وغیرہ کا اہتمام ہر مسلمان کیلئے لازم ہے اور پنجوقتہ نماز فرض عین ہے اور مسجد میں باجماعت نماز اسلامی شعار ہے یعنی خاص پہچان ہے لیکن شدیدعذراور بعض ناگزیر حالات میں جمعہ اور جماعت میں شرکت نہ کرنے کی شریعت اجازت دیتی ہے اس لئے موجودہ وباء سے تحفظ کیلئے احتیاطاً تمام مصلیان مسجد کو چاہئے کہ وہ چند دن(وباء سے نجات تک) پنجوقتہ نمازیں گھر میں ادا فرمائیں۔ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء اتر پردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی قاضی شہر کانپور ، مدرسہ مظہر العلوم نکھٹو شاہ کے مفتی اقبال احمد قاسمی ، مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور کے مفتی مولانا عبد الرشید قاسمی، حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر مولانا حفظ الرحمن قاسمی نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ انہو ں نے بتلایاکہ شہر کے تیس سے زائد علماء ، ائمہ اور مفتیان کرام نے اس کی تائید کی ہے کہ مسجد میں صرف امام،مؤذن اور خدام پنجوقتہ نماز کی جماعت ادا کریں تاکہ مسجدیں جماعت کی نماز سے خالی نہ رہیں۔ بڑی تعداد مسجد میں ہرگز جمع نہ ہو اور جماعت کی نماز بھی انتہائی مختصر ادا کی جائے ۔ مسجدوں کی صفائی ستھرائی کا اہتمام ہو اور اگر حالات کا تقاضہ ہو تو اذان کے بعد یہ اعلان بھی کر دیاجائے کہ آپ حضرات اپنے اپنے گھروں میں ہی نماز کا اہتمام کریں ۔ فی الحال مسجد میں آنے کی زحمت نہ کریں ۔ مصلیان مسجد کو حالات کی نزاکت بتادیا جائے اور کوشش یہی کریں کہ لوگ نماز ، دعاء اور استغفار سے غافل نہ ہوں اور بھیڑ وغیرہ کی شکل بھی نہ ہونے پائے۔ انہوں نے متولیان مسجد سے اپیل کی کہ وہ ان ہدایات کو یقینی بنائیں ۔ مولانا قاسمی نے کہا کہ ملک معتبر و مقتدر علماء و مفتیان کرام نے بھی اس بات کی تائید و اپیل کی ہے۔
مولانا اسامہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت اور محکمہ صحت کی طرف سے کورونا وائرس(کووڈ۱۹ ) سے بچاؤ کیلئے جن احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیاجا رہا ہے انہیں شرعاً نظر انداز نہ کیاجائے بلکہ شرعی حدود میں رہتے ہوئے ان کا لحاظ کرنے کا اہتمام ہونا چاہئے۔صدقہ و خیرات کا اہتمام کیاجائے، محلہ اور پڑوس میں موجود غریب اور معاشی طور پر پریشان افراد کی امداد کا بطور خاص خیال رکھیں۔مولانا قاسمی نے تمام مسلمانوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ اس معاملہ میں غفلت نہ برتیں ، زیادہ تر وقت گھر میں رہ کر گزاریں، گھر سے باہر سڑ ک اور گلیوں میں بھیڑ نہ لگائیں نوجوانوں کو باہر کھیل کود کا ماحول بنانے سے پرہیز کرنا چاہئے او راس وقت حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے جو ہدایات اس وبائی مرض سے بچاؤ کیلئے بتائی جا رہی ہیں ان پر سختی سے عمل کریں اور گھروں کو عبادت، تلاوت ، توبہ و استغفار سے آباد رکھیں۔پریس کانفرنس میں قاضی شہر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی ، مفتی اقبال احمد قاسمی، مفتی عبد الرشید قاسمی کے ساتھ جمعیۃ علماء کے شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، مولانا فرید الدین قاسمی، قاری عبد المعید چودھری، مولانا ایاز ثاقی موجود رہے۔

مزید پڑھیں

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیجئے

Back to top button
Close
Close