ہندوستان

آئی اے ایس ڈاکٹر احمد اقبال کا دارالعلوم دیوبند دورہ!

آئی اے ایس ڈاکٹر احمد اقبال کا دارالعلوم دیوبند کا دورہ !
کہا : دارالعلوم دیوبند ملت اسلامیہ ہند کا عظیم ادارہ ، یہاں آکر روحانی سکون اور مسرت کا احساس ہوتا ہے۔’
دار العلوم کا ملک کی تعمیر وترقی میں اہم رول : مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی
دیوبند ۔ 08 اکتوبر 2019
اتراکھنڈ حکومت میں ایجوکیشن آفسر اور وقف بورڈ کے نگران آئی اے ایس ڈاکٹر احمد اقبال نے آج یہاں دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ادارہ کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور دارالعلوم وقف دیوبند میں مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی ونائب مہتمم مولانا محمد شکیب قاسمی سے ملاقات کی۔

مہمان خانہ میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ملاقات کے دوران بتایاکہ ‘ان کی کافی عرصہ سے دارالعلوم دیوبند میں حاضری کی خواہش تھی جوآج مکمل ہوئی ہے۔’

اس دوران مفتی ابوالقاسم نعمانی نے دارالعلوم دیوبند کی عظیم تاریخ اور خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ ‘دارالعلوم دیوبند اور یہاں کے اکابرین کا جنگ آزادی میں اور اس کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں بنیادی رول ہے۔’

دارالعلوم دیوبند میں تقریباً پانچ ہزار طلبا زیر تعلیم ہیں جنہیں قیام وطعام کے علاوہ طبی سہولیات، وظیفہ وغیرہ سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کرائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہاں کے طلبا پوری دنیامیں مذہب اسلام کی ترویج و ترقی میں مصروف ہیں۔’

بعد ازیں ڈاکٹر احمد اقبال نے ادارہ کی جدید و قدیم لائبریری، مسجد رشید اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا اور کہا کہ دارالعلوم دیوبند ملت اسلامیہ ہندکا عظیم ادارہ ہے جس کا فیض پوری دنیا میں پہنچ رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘دارالعلوم دیوبند یقینی طور پر روحانیت کا مرکز ہے، یہاں آکر روحانی سکون اور مسرت کا احساس ہوتا ہے۔’

انہوں نے ادارہ کی لائبریری میں موجود نادرو نایاب کتابوں کو عظیم علمی اثاثہ قرار دیا۔

قبل ازاں ڈاکٹر احمد اقبال نے دارالعلوم وقف دیوبند پہنچ کر یہاں ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی اور نائب مہتمم مولانا محمد شکیب قاسمی سے ملاقات کی۔

اس دوران مولانا شکیب قاسمی نے ڈاکٹر احمد اقبال کو ادارہ کی خدمات ،تعلیم و تربیت اور نصاب کے متعلق جانکاری دی اور حجة الاسلام اکیڈمی کے ذریعہ انجام دی جارہی عظیم علمی خدمات سے بھی روشناس کرایا۔

ڈاکٹر احمد اقبال نے کہا کہ وہ علماءکرام سے بے پناہ انسیت اور تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے دارالعلوم وقف دیوبند کے اکابرین کے حوالہ سے بھی گفتگو کی۔

اس دوران دالعلوم وقف دیوبند کے استاد حدیث مفتی محمد عارف قاسمی، دارالعلوم دیوبند کے رکن قاری محمد عاصم اور قاسم عثمانی وغیرہ موجود رہے۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close