ہم جنس پرست’ عدیلہ‘ اور’نورہ‘ کوساتھ رہنے کی مل گئی اجازت ، جانیں پورا معاملہ

کوچی،یکم جون (ہندوستان اردو ٹائمز) کیرالہ ہائی کورٹ نے منگل کو ایک اہم فیصلے میں ایک ہم جنس پرست جوڑے کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے یہ حکم عدیلہ نسرین کی جانب سے دائر درخواست پر دیا۔ یہ جوڑا عدیلہ نسرین اور نورہ فاطمہ کا ہے۔ اس ہم جنس پرست جوڑے کو ان کے والدین نے ایک دوسرے سے الگ کر دیا تھا۔ عدیلہ کا تعلق کیرالہ کے الووا سے ہے جبکہ نورہ کا تعلق کوزی کوڈ سے ہے۔ دونوں نے 19 مئی کو اپنے اپنے گھر چھوڑ کر ایک این جی او کے کیمپ میں پناہ لی تھی۔
نورہ کے گھر والے جب وہاں پہنچے اور ہنگامہ ہوا، تو پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔اس ہم جنس پرست جوڑے نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔ لیکن عدیلہ کے والدین این جی او سے بات کرنے کے بعد دونوں کو وہاں سے لے گئے۔ 23 مئی کو عدیلہ نے پولیس کو شکایت کی کہ نورہ کے والدین اسے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔عدیلہ نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اس معاملہ میں کاروائی نہیں کر رہی ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملہ میں مسلسل اپنا کام کر رہی ہے۔
عدیلہ نے بھی اس حوالے سے اپنی بات سوشل میڈیا پر رکھی تھی۔عدیلہ نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ اسے اور اس کی ساتھی فاطمہ نورہ کو ان کے اہل خانہ نے جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا اور چند روز قبل نورہ کو اس کے اہل خانہ نے اغوا کیا تھا۔
عدیلہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اغوا کے بعد نورہ کے ٹھکانے کا پتہ نہیں چل سکا۔ درخواست پر غور کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے پولیس کو نورہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ عدیلہ کو بھی عدالت میں پیش ہونے کو کہا گیا۔ جسٹس ونود کے چندرن کی ڈویژن بنچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بالغ افراد کے ساتھ رہنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ 22 سالہ عدیلہ اور 23 سالہ نورہ سعودی عرب میں اسکول جانے کے بعد سے ساتھ ہیں۔سعودی عرب سے ہندوستان واپس آنے کے بعد اور یہاں کے کالج میں داخلہ لینے کے بعد وہ دوبارہ’ری لیشن‘ میں رہنے لگیں۔ لیکن ان کے والدین نے ان کے تعلقات کی مسلسل مخالفت کی۔
ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد نورہ نے بتایا کہ اب وہ کافی راحت محسوس کر رہی ہے۔ جبکہ عدیلہ نے کہا کہ اسے اس معاملہ میں ایل جی بی ٹی کمیونٹی کی طرف سے کافی تعاون ملا اور یہ ان کے تعاون اور ہائی کورٹ کے حکم کی وجہ سے ہے کہ وہ اب آزاد ہیں۔جسٹس وینکٹش نے کہا تھا کہ ایل جی بی ٹی کمیونٹی کے لوگوں کو اپنی پرائیویسی اور عزت کے ساتھ اپنی زندگی گزارنے کا پورا حق حاصل ہے، بشمول ان کا جنسی رجحان، صنفی شناخت اور اظہار، بشمول اپنے ساتھی کو منتخب کرنے کی خواہش، اور آئین کے مطابق آرٹیکل 21 کے تحت مکمل آئینی تحفظ حاصل ہے۔