ہمیں عشق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقصد کو سمجھنا چاہئے
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت پر عمل کرنے میں ہی دنیا وآخرت کی بھلائی ہے : مفتی وقاص ہاشمی

دیوبند، 5؍ اکتوبر (رضوان سلمانی) ماہِ ربیع الاول چل رہا ہے اور تمام حضرات اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت اور یوم وفات اسی مہینے میں آتا ہے۔ اس سلسلہ میں مولانا حسن الہاشمی ؒ کے جانشین مفتی وقاص ہاشمی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بعد ہماری محبت کے سب سے زیادہ حق دار حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ ایک موقع پر خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ تم میں سے کوئی مومن نہیں ہوسکتا جب تک اس کے نزدیک میں اس کے والد ، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجائوں۔ اس حدیث کو ذکر کرنے کے بعد مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ یہ حدیث عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اس درجہ پر مشتمل ہے جس سے آج شاید تمام امت مسلمہ محروم ہے۔ مفتی وقاص نے کہا کہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعویداری پر مشتمل محفلیں جگہ جگہ منعقد ہورہی ہیں ، لبوں پر نعت گوئی کا سلسلہ بھی جاری ہے ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں اشعار کہنے والے شاعروں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے لیکن پھر جیسا عشق رسول ؐ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ثابت ہے ویسا کہیں نظر نہیں آتا۔
مفتی صاحب نے کہا کہ ہمارے قول اور عمل میںکوئی مناسبت نہیں ہے ، ہم بظاہر عشق رسولؐ کے دعوے کرتے ہیں لیکن ہمارے اعمال تعلیمات رسولؐ کے بالکل مخالف ہیں۔انہوںنے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزری ، جب حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی تو اس وقت عرب کی سماجی حالت بہت خراب تھی ، خواتین کی کوئی عزت ووقعت نہیں تھی ، لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کردیتے تھے ، قبائل کے لوگ آپس میں لڑتے تھے جس میں ہزاروں لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے ، لوگ شراب اور جوئے کے عادی ہوچکے تھے ، آپسی بھائی چارہ اورپیار ومحبت ختم ہوچکا تھا۔
حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ان برائیوں کے خاتمہ کا بیڑہ اٹھایا ، خواتین پر ہونے والے مظالم کو روکا اور خواتین کو معاشرہ میں عزت کی زندگی دلائی۔ مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے اسلام کو تمام مذاہب سے افضل قرار دیا ہے ، اس لئے سب کو شریعت پر عمل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دین اور دنیا کی فکر کرنے اور اعمال صالحہ کرنے کی ضرورت ہے ،اللہ تبارک وتعالیٰ نے مخلوق کی خدمت کو اہم ترین عمل بتایا ،مخلوق سے محبت کرنے والوں کو اللہ کے قریب بتایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات وتعلیم کو نہیں سمجھیں گے کامیابی ممکن نہیںہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت پر عمل کرنے میں ہی دنیا وآخرت کی بھلائی ہے ، ہمیں ہر وقت اپنے نبی کی تعلیمات کو یاد رکھنا چاہئے ۔ مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ ہم تبھی عاشق رسولؐ کہلانے کے حق دار ہوں گے جب ہماری تمام حرکات وسکنات سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ہوںگی۔ مفتی صاحب نے تمام مسلمانوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں درود شریف پیش کریں اور یہ عزم مصمم کریں کہ ہم آج سے اپنی زندگی کو سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق گزاریں گے۔