دیوبند

ہر مرد وعورت ، بچہ بوڑھا آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ زندگی کے مطابق اپنی زندگی گزارے

جمعیۃعلماء ضلع مظفر نگر کے زیراہتمام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد

دیوبند، 24؍ جون (رضوان سلمانی) جمعیۃعلماء ضلع مظفر نگر کے زیراہتمام سیرت النبی کے پروگرام 15 جون تا 31 جولائی جاری رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے جس کے تحت مسلمانوں کو خاص طور سے اور عام طور پر تمام انسانیت کو رحمت اللعالمین کی حیات طیبہ سے روشناس کرانا ہے جمعیۃعلماء ہند کی کوشش ہے کہ ہر مرد عورت بچہ بڑا بوڑھا،جوان آقا کی پاکیزہ زندگی کے مطابق اپنی زندگی گزارے،سنتوں کا اہتمام کرے۔ اسی سلسلے کا ایک پروگرام آج مسجد ابوبکر صدیق میں منعقد ہوا جس کی صدارت ریاستی سکریٹری قاری ذاکر حسین نے کی اور نظامت کے فرائض شہر صدر حافظ محمد اکرام نے انجام دیئے ۔

پروگرام کا آغاز قاری محمد اکرم کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جب کہ نعت نبی ؐمولانا محمد عمار نے پیش کی۔ اس موقع پر مدرسہ قاسم العلوم تیوڑہ کے نائب مہتمم مفتی محمد اقبال و ریاستی سکریٹری قاری ذاکر حسین نے خطاب کیا ۔مفتی محمد اقبال نے اپنے خطاب میں آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی ازدواجی زندگی کے پہلو پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو اللہ کے حبیب کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ پروگرام کی صدارت کر رہے جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ناظم تنظیم قاری ذاکر حسین نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کو بیان کیا اور خاص طور سے مسلمانوں کو وضاحت کے ساتھ اس طرف متوجہ کیا کہ اگر دل کے اندر آقا صلی االلہ علیہ وسلم کی طرف سے شکوک وشبہات کو دل میں جگہ مل گئی تو ایمان کی خیر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نبی برحقؐ نے جو بھی کہا وہ سب اللہ کی طرف سے ہے، آپ کے قول و فعل، نکاح، پوری زندگی کی نقل و حرکت اللہ کی مرضی و اسکے حکم کے مطابق ہے کسی ایک عمل پر بھی شک میں مبتلا ہو نا ایمان سے محرومی کا سبب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے تو ضروری ہے کہ ہم یہ کہیں کہ بغیر کسی دلیل و حجت کے آپ صلی اللہ علیہ وسلم رسول برحق ہیں ۔اس موقع پر قاری ذاکر حسین نے بتایا کہ ابھی تک پورے ضلع میں تحریک سیرت النبی کے عنوان پر 112 پروگرام ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر علماء کرام و ائمہ عظام سے گزارش کرتا ہوں کہ خاص طور سے 31 جولائی تک آقا کی سیرت مبارکہ کو تحریک بنا کر جگہ جگہ بیان کریں، ہر ایک مسلمان کے کان سے ہو کر دل و دماغ پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کی چھاپ پڑ جائے۔ واضح رہے کہ سیرت النبی کے پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لئے پورے ضلع کو دس زون میں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر زون کے نگراں مقرر کیے گئے ہیں اب نچلی سطح تک لیجانے کے لئے ہر ایک زون کو پانچ پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور نگراں مقرر کیے گئے ہیں۔

الحمد اللہ پورے ضلع میں خوب زور شور سے یہ تحریک جاری ہے، امید کرتا ہوں کہ علماء کرام دوسرے اضلاع میں بھی بلکہ صوبہ در صوبہ اس تحریک کو اپنا اسلامی فریضہ سمجھتے ہوئے نبویؐ تعلیمات کو عام کریں۔ اس موقع پر حلقہ رحمت نگر کے نگراں مولانا رضی الرحمن،حافظ محمد اکرام،حاجی وسیم عالم،مولانا محمد گلزار،مولانا محمد احمد،مولانا دلنواز،مولانا شارق،قاری محمد عادل،قاری اعجاز، قاری تصور،قاری اعظم،قاری نور حسن،قاری جاوید،قاری ساجد،مولانا سمیع اللہ وغیرہ حضرات شریک رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button