گھر بلاکر بی ایس سی کے طالب علم کا کیا گیا قتل، معلوم ہوتے ہی لڑکی نے بھی کی خودکشی
معاملہ دو الگ الگ فرقوں سے ہونے کے سبب گائوں میں پولیس فورس تعینات

دیوبند، 3؍ نومبر (رضوان سلمانی) بی ایس سی میں زیر تعلیم ایک طالب علم کا پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ طالب علم کو گھر سے بلاکر واردات کو انجام دیا گیا ، وہیں طالب علم کی موت کی خبر لگتے ہی لڑکی نے بھی پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔ معاملہ الگ الگ فرقوں سے تعلق رکھنے کی بنا پر گائوں میں کشیدگی کاماحول پیدا ہوگیا ۔
اعلیٰ افسران نے موقع پر پہنچ کر تفصیلی معلومات حاصل کی اور گائوںمیں پولیس فورس تعینات کردی گئی، گزشتہ دیر رات رام پور منہیاران علاقہ کے اسلام نگر میں کچھ نوجوانوں نے ضیاء الرحمن نام کے طالب علم کو اپنے گھر بلاکر اس کا قتل کردیا ،اہل خانہ کا الزام ہے کہ رات میں ایک نوجوان اسے گھر سے بلاکر لے گیا تھا ۔ بتایاجاتا ہے کہ کچھ نوجوانوں نے اس کو بے رحمی سے پیٹا ، اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے رات میںہی طالب علم کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔ ضیاء الرحمن بی ایس سی کا طالب علم تھا ، پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کرپوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ وہیں اس معاملہ میں لڑکی نے بھی آج دوپہر پھانسی لگاکر خودکشی کرلی، فی الحال پولیس جانچ کررہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ رام پور منہیاران علاقہ کے رہنے والے 20سالہ ضیاء الرحمن ولد ایوب احمد منگل کی شام کو گھرپر ہی تھا ،
دیر رات ایک نوجوان اسے بلاکر اپنے ساتھ لے گیا ، بتایا یہ بھی گیا ہے کہ کچھ دیر بعد اہل خانہ کو ضیاء الرحمن کے ساتھ مارپیٹ کی اطلاع ملی ، اہل خانہ موقع پر پہنچے اور زخمی طالب علم کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی ، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جانچ شروع کی ۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ پیار ومحبت کا سامنے آیا ، بتایا جاتا ہے کہ مقتول نوجوان کا دوسرے فرقہ کی لڑکی کے ساتھ عشق ومحبت چل رہا تھا، اسی وجہ سے نوجوان کا قتل کیا گیا ہے ،معاملہ دو فرقوں کے ہونے کے سبب گائوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی ، پولیس اس پورے معاملہ کی تحقیق میں لگی تھی کہ طالب علم کے قتل کے ملزمان فریق کی لڑکی نے آج دوپہر تقریباً 12بجے اپنے گھر میں ہی پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سہارنپور ڈاکٹر وپن تاڑا مع فورس کے موقع پر پہنچے اور تفصیلی معلومات حاصل کی۔
اس سلسلہ میں ایس ایس پی سہارنپور وپن تاڑا نے بتایا کہ گزشتہ رات کچھ لوگوں کے ذریعہ ایک نوجوان کی پٹائی کرنے کی اطلاع ملی تھی ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔ جب کہ دوپہر میں لڑکی نے پھانسی لگاکر خودکشی کرلی ہے۔ پولیس اپنی جانچ کررہی ہے ، دونوں فریق کی جانب سے جو تحریر دی جائے گی اس کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، فی الحال گائوں میں امن وامان ہے ، پولیس افسران گائوں میں موجود ہیں۔ اطلاع ملنے پر ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن بھی گائوں پہنچے اور تفصیلی معلومات حاصل کرتے ہوئے افسران سے اس سلسلہ میں گفتگو کی ۔