گستاخ نوپورشرما کو ممبئی پولس نے کیاطلب ،دہلی پولیس نے دی سیکورٹی

نئی دہلی ،7جون ( ہندوستان اردو ٹائمز ) نبی اطہر ﷺ کی شان میں گستاخانہ تبصرہ کے پاداش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی معطل رہنما نوپور شرما کو اب ممبئی پولیس نے طلب کیا ہے۔ یہ کاروائی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق ریمارکس کے معاملہ میں کی گئی ہے۔ نپور شرماکو 22 جون تک پیش ہونا ہوگا۔ اس بیچ انھیں دہلی پولس نے سیکورٹی بھی فراہم کی ہے۔خیال رہے کہ پارٹی کی کاروائی کے بعد نپور نے اپنا متنازع بیان واپس لے لیا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھگوان ’شیو ‘پر مسلسل طنزدیکھ کر انھوں نے ایسا ردعمل ظاہر کیا تھا۔ نوپور نے کہا تھا کہ اگر ان کے بیان سے کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔دوسری طرف بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما نے دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ انہیں اور ان کے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس کے بعد شکایت پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے دہلی پولیس نے نپور شرما اور ان کے اہل خانہ کو بھی سیکورٹی فراہم کی ہے۔ یہ جانکاری منگل کو حکام نے دی ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ بی جے پی کی معطل ترجمان شرما نے پولیس سے ہراسانی اور دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ایک اہلکار نے کہا کہ نپور شرما اور ان کے خاندان کو پولیس تحفظ فراہم کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے شکایت درج کرائی ہے کہ انہیں ان کے تبصروں کے لیے دھمکایا اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخانہ تبصرہ کرکے نپورنے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کو ناراض کیاہے۔مہاراشٹر میں نوپور شرما کیخلاف کئی ایف آئی آر درج ہیں۔ ادھر کانپور میں اس معاملہ کو لے کر پرتشدد جھڑپیں ہوئی ہیں۔ بی جے پی نے گزشتہ دنوں نپور شرما کو معطل کر دیا تھا اور دہلی یونٹ کے میڈیا سربراہ نوین کمار جندل کو بھی پارٹی سے نکال دیا۔
درحقیقت، یہ تنازع کچھ مسلم ممالک کے احتجاج کے بعد مزید بڑھ گیا۔ اس کے پیش نظر بی جے پی نے دونوں لیڈروں کے خلاف کاروائی کی۔مسلم گروپوں کے احتجاج اور کویت، قطر ، ایران، پاکستان جیسے اسلامی ممالک کے شدید ردعمل کے درمیان بی جے پی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور کسی بھی مذہبی شخصیت کی توہین کی سخت مذمت کرتی ہے۔حالانکہ توہین آمیز بیان کے لئے نوپور شرما کے خلاف اب تک کوئی قانونی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔