قومی

گجرات: بھاجپا کے سابق ترجمان کو بھگونت مان کے ساتھ سیلفی لینا پڑا مہنگا ، معطل

احمد آباد، 3اکتوبر (ہندوستان اردو ٹائمز) بی جے پی نے اپنے سابق ترجمان کشن سنگھ سولنکی کو پارٹی مخالف سرگرمیوں پر معطل کر دیا ہے۔ پارٹی نے سولنکی کے خلاف یہ کارروائی سوشل میڈیا پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما بھگونت مان کے ساتھ ایک سیلفی (موبائل فون سے لی گئی تصویر) شیئر کرنے کے چند گھنٹے بعد کی گئی۔

بی جے پی کی گجرات یونٹ کے ایک بیان کے مطابق احمد آباد کے بی جے پی لیڈر سولنکی تقریباً چھ ماہ قبل تک پارٹی کے ترجمان کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔ انہیں فوری طور پر چھ سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ سولنکی نے اتوار کی رات اپنے فیس بک پیج پر مان کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ احمد آباد ضلع کے بی جے پی لیڈر کشن سنگھ سولنکی کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لیے ریاستی بی جے پی سربراہ سی آر پاٹل کے حکم پر آج فوری اثر کے ساتھ پارٹی سے چھ سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

بی جے پی کی گجرات یونٹ کے ترجمان یاجنیش ڈیو نے کہا کہ سولنکی ریاستی بی جے پی میڈیا ٹیم کا حصہ تھے اور ترجمان کے طور پر خدمات انجام دیتے تھے، لیکن اب ان کے پاس کوئی عہدہ نہیں ہے ۔سولنکی کے فیس بک پیج کے مطابق وہ بی جے پی کسان مورچہ کے قومی ایگزیکٹو ممبر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ مان اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے حال ہی میں گجرات اسمبلی انتخابات کی مہم کے لیے گجرات کا دورہ کیا تھا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button