گاؤں میں مہینہ بھر سے نہیں ہورہی بجلی سپلائی، ایس ڈی ایم کو دیا میمورنڈم
شہری علاقہ میں بجلی سپلائی نظام درست کرانے کامطالبہ

دیوبند، 5؍ اپریل (رضوان سلمانی) بجلی کی لائن کٹ جانے کے سبب درجنوں دیہی مواضعات کے لوگوں کے گھروں میں گزشتہ کئی دنوں سے اندھیرا چھایا ہوا ہے۔ متاثرہ دیہی افراد نے گرام پردھان کے نمائندہ کی قیادت میں ایس ڈی ایم دیپک کمار کو میمورنڈم دے کر بجلی کی لائن کو ٹھیک کرنے اور بجلی کی فراہمی کو ہموار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایس ڈی ایم دیپک کمار کو دیئے گئے میمورنڈم میں گاؤں پھلاس اکبر پور کے لوگوں نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل ایک مکان کی تعمیر کی وجہ سے مکان مالک نے بجلی کی لائن کو ہٹا دیا تھا۔کیونکہ لائن اس کے گھر کے اوپر سے گزر رہی تھی۔ گاؤں والوں کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سے گاؤں کے درجنوں لوگوں کے گھروں کی بجلی گل ہوگئی، بجلی حکام سے بار بار شکایت کرنے کے باوجود ان کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا ہے۔ گرام پردھان کے شوہر نے بتایا کہ جے ای کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، انہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کیا لیکن پھر بھی مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ مقدس رمضان کا مہینہ شروع ہو گیا ہے اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سحری اور افطار کے وقت شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ میمورنڈم دینے والوں میں گرام پردھان کے نمائندہ حسنین گوڑ، نسیم، سرفراز، شبیر، مدثر، اسجد، امجد، شمیم، احمد، گلبہار، کبیر وغیرہ شامل تھے۔
ادھراسماعیل فاؤنڈیشن کی صدر عظمیٰ پروین نے محکمہ برقیات کے حکام سے مطالبہ کیاہے کہ رمضان اور نوراتری کے دوران بجلی کی کٹوتی نہ کریں۔ کارپوریشن کو بھیجے گئے ایک خط میں عظمیٰ نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں صبح کے اوقات میںبجلی کٹوتی کے سبب روزہ داروں کو نماز پڑھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوراتری کے دوران مندروں میں پوجا کرنے جانے والے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بجلی کارپوریشن کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوراتری اور ماہ رمضان و گرمی کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی کٹوتی نہ کریں۔