
نئی دہلی، 19ستمبر ( ہندوستان اردو ٹائمز ) پنجاب کے سابق وزیر اعلی اور پنجاب لوک کانگریس (پی ایل سی) کے سربراہ کیپٹن امریندر سنگھ پیر کو بی جے پی میں شامل ہوئے۔اس کے ساتھ ہی پنجاب لوک کانگریس (PLC) بھی بی جے پی میں ضم ہوگئی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر نریندر تومر اور کرن رجیجو موجود تھے۔ تومر نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ پی ایل سی کے انضمام سے پارٹی مضبوط ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کیپٹن صاحب نے ہمیشہ ملک کو ترجیح دی ہے ۔ مجھے بی جے پی کے لاکھوں کارکنوں کی طرف سے ان کا اور ان کے حامیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
امریندر سنگھ کے ساتھ کانگریس کے سابق رہنما اور پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکراجیب سنگھ بھٹی بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔انہوں نے گزشتہ دنوں پی ایم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔آج انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے ساتھ میٹنگ کی۔ پنجاب اسمبلی انتخابات سے پہلے امریندر سنگھ نے کانگریس سے ناراض ہو کر وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور پی ایل سی تشکیل دی۔پی ایل سی نے سکھ دیو سنگھ کی قیادت میں بی جے پی اور شرومنی اکالی دل (متحدہ) کے ساتھ اتحاد میں اسمبلی انتخابات لڑے۔
تاہم، اس کا کوئی بھی امیدوار نہیں جیت سکا اور خود کیپٹن بھی اپنے گڑھ پٹیالہ سٹی سیٹ سے ہار گئے۔سابق وزیر اعلیٰ کی بیوی پرنیت کور پٹیالہ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔پی ایل سی کو اپنے ساتھ ملا کر بی جے پی پنجاب میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ امریندر سنگھ نے 12 ستمبر کو شاہ سے اپنی ملاقات کے بعد کہا کہ انہوں نے قومی سلامتی، پنجاب میں منشیات اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے معاملات اور ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے مستقبل کے روڈ میپ سے متعلق مختلف امور پر بہت نتیجہ خیز بات چیت کی۔