’کیمپس میں تشدد بالکل برداشت نہیں‘ جے این یونے نان ویج پرمبینہ شرانگیزی کے بعدنوٹس جاری کیا

نئی دہلی 11اپریل(ہندوستان اردو ٹائمز) یونیورسٹی انتظامیہ نے جواہر لال یونیورسٹی میں شرپسندوں کی شرارت پرایک بیان جاری کیا ہے۔ انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ کیمپس میں تشدد ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے کہاہے کہ ہم ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ کیمپس میں کسی بھی قسم کے تشدد کے خلاف ہمارا رویہ زیروٹالرنس ہے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے طلباء سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جے این یو انتظامیہ کے نوٹس میں آیا ہے کہ کاویری ہاسٹل میں طلباء کے دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑا اور تصادم ہوا ہے۔ واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وائس چانسلر، ریکٹر اور دیگر حکام ہاسٹل پہنچے اور وہاں موجود طلبہ سے ملاقات کی ہے۔
وائس چانسلر نے وہاں موجود وارڈنز سے کہاہے کہ وہ اس معاملے میں فوری طور پر ضروری اقدامات کریں اور کسی بھی قسم کے جھگڑے سے بچنے کا مشورہ دیا۔ کیمپس میں سیکورٹی کو چوکنا رہنے کو کہا گیا ہے اور اگر ایسا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو فوری طور پر جے این یو انتظامیہ کو مطلع کرنے کو کہا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی طالب علم تشدد یا بدتمیزی کی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف یونیورسٹی کے قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔