کیا اب کرکٹ بھی اولمپک میں ہوگا شامل؟ مہم زوروں پر، چھ ٹیموں کا نیا فارمیٹ پیش

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 2028 لاس اینجلس اولمپک کھیلوں میں کرکٹ کو شامل کرنے کی مہم تیز کردی ہے۔ اس نے آرگنائزنگ کمیٹی کے سامنے چھ چھ خواتین اور مردوں کی ٹیموں کو بھیجنے کی تجویز رکھی ہے۔ اسے لے کر آخری فیصلہ اس سال اکتوبر میں لیا جائے گا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، اس سے پہلے آرگنائزرس مارچ میں نئے کھیلوں کے حتمی فہرست کو تیار کرلیں گے۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کا اگلا سیشن ممبئی میں منعقد ہونا ہے۔ اس دوران کرکٹ کو لے کر حتمی فیصلہ لیا جاسکتا ہے۔ بی سی سی آئی سکریٹری جئے شاہ کو آئی سی سی کے صدر گریگ بارکلے کی صدارت والے آئی سی سی کے اولمپک ورکنگ گروپ میں شامل کیا گیا ہے، جس میں اندرا نوئی (آزاد ڈائریکٹر) اور پراگ مراٹھے (یو ایس اے کے سابق کرکٹ صدر) بھی شامل ہیں۔
جئے شاہ کو کیوں ملی خاص ذمہ داری؟
جئے شاہ کو کمیٹی میں شامل کرنے کے پیچھے ایک خاص منصوبہ بندی ہے۔ شاہ کو 2036 میں اولمپک کی میزبانی کے لیے ہندوستان کی خواہشات کو دھیان میں رکھتے ہوئے شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی کا ماننا ہے کہ شاہ کی حصہ داری کرکٹ کو کھیل کے سب سے بڑے عالمی پروگرام میں شامل کرنے کے لیے آئی او سی کے ساتھ اپنی بات چیت میں ایک اہم اور اثردار زور دے سکتی ہے۔