ہندوستان۔ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: انگلینڈ کے خلاف 50 فیصد شائقین کو مل سکتی ہے اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت

نئی دہلی،21؍جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) 5 فروری سے ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد 5 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے بھی کھیلے جائیں گے۔ ان تینوں سیریز میں 50 فیصد ناظرین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل سکتی ہے ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو شائقین کو اپریل سے ہونے والے آئی پی ایل میں بھی داخلہ مل سکتا ہے۔ابھی تک بی سی سی آئی کی طرف سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بلکہ بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے معلومات دی ہے۔ذرائع کے مطابق میڈیا میں یہ بات چل رہی ہے کہ ہم انگلینڈ کے خلاف 4 ٹیسٹ سیریز میں 50 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔ ہم اس معاملے پر انگلینڈ اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے بات کر رہے ہیں۔ نیز دونوں ممالک کے ہیلتھ اتھارٹی کے رابطے میں ہیں۔ اگر شائقین کو داخلہ مل جاتا ہے تو انہیں کورونا کے بارے میں محتاط رہنا ہوگا اور قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر شائقین کو آئی پی ایل میں بھی انٹری مل جائے گی۔