کورٹ میں پیش ہوئیں محبوبہ مفتی کی بہن روبیہ سعید

جموں ، 21ستمبر (ہندوستان اردو ٹائمز) آنجہانی سابق وزیر اعلیٰ جموں وکشمیرمفتی محمد سعید کی بیٹی اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی بہن روبیہ سعید بدھ کے روز جموں کی ٹاڈا عدالت میں اغوا کیس میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے روبیہ کو 1989 میں ان کے اغوا سے متعلق کیس کے سلسلے میں جرح کے لیے حاضر ہونے کو کہا تھا۔
سی بی آئی کی وکیل مونیکا کوہلی نے بتایا کہ روبیہ سعید کو آج جموں کی ٹاڈا عدالت میں پیش کیا گیا۔ روبیہ سے باقی ملزمان کے ساتھ جرح کی گئی ہے۔ اب دہشت گرد اور کالعدم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک سے ابھی تک جرح ہونا باقی ہے۔یاسین ملک کو 20 اکتوبر کو دوبارہ جرح کے لیے بلایا جائے گا۔ عدالت نے یاسین ملک کو تہاڑ جیل سے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ روبیہ سعید کو 1989 میں اغوا کیا گیا تھا۔ پھر دہشت گردوں نے روبیہ کی رہائی کے لیے 5 دہشت گردوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں حکومت نے دہشت گردوں کو رہا کر دیا جس کے بعد دہشت گردوں نے روبیہ کو رہا کر دیا۔سی بی آئی معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ یہ معاملہ اب ٹاڈا کورٹ میں ہے۔ یاسین ملک پر فضائیہ کے 5 اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔یاسین ملک کو دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں دہلی کی خصوصی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔