کوئی مذہب یا دھرم کسی دوسرے مذہب اور دھرم کو برا کہنے کی اجازت نہیں دیتا :حاجی محمدسلیم

دیوبند،24؍جولائی(رضوان سلمانی) ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کے چھوٹے بھائی اور سماجی کارکن حاجی محمد سلیم نے خالصہ پبلک اسکول جیل چنگی پر کا نوڑکیمپ پہنچ کر کانوڑیوں کا خیر مقدم کیا ۔ ۔ اس موقع پر حاجی محمد سلیم نے کانوڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبھی مذاہب انسانیت کی تعلیم دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کے ماحول میں دھرم اور مذہب کے حقیقی معنی و مفہوم کو اور اسکی روح کو سمجھنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ سارے مذاہب ،دھرم اور نظریات و فلسفوں کا محور انسان ہی رہا ہے اور ان سب کا مقصد انسان کو انسان بنا نے کے علاوہ اور کچھ نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مذہب یا دھرم کسی دوسرے مذہب اور دھرم کو برا کہنے اور اس کی تنقید اور تنقیص کر نیکی اجازت نہیں دیتا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے لازمی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مذہب دھرم اور نظریہ کو برا نہ کہیں مذہبی رواداری ،تحمل اور قوتِ برداشت کا مظاہرہ کریں اور سماج میں اچھے کاموں کے فروغ میں ایک دوسرے کیساتھ تعاون کریں ۔انہوں کہا کہ یہ رام ،نانک اور چشتی کا ملک ہے یہاں کی مٹی میں مذہبی رواداری اور باہمی پیار محبت کی خوشبو رچی بسی ہو ئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی ہماری ساجھا وراثت اور سا جھا سنسکرتی ہے جس کی حفاظت ہم سبکی ذمّہ داری ہے ۔حاجی سلیم نے کانوڑ لیکر گھر لوٹ رہے کانوڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ جس آستھا ،عقیدت کیساتھ گنگا جل لیکر آئے ہیں آپ خیریت سے اس کو لیکر اپنے گھروں کو لوٹیں اور اپنی مرادیں پائیں ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر دودھرا ،رمّی دھون ،عرشی حسن،علی چودھری ،وکرانت تیاگی سریش ،موہت،جمشید سلمانی ،پپی ملوتھرا،ونشج سکسینہ ، وغیرہ موجود تھے ۔