کسان یونین نے تعمیراتی نقشے پاس کرنیکی بے تحاشہ فیس پر سخت اعتراض جتایا
عوامی اور کسانوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے ۔حاجی عباس

دیوبند، 25؍ جون (رضوان سلمانی) بھارتیہ کسان یونین کے ذمہ داران ،عہدیداران اور کارکنان کی میٹنگ جی ٹی روڑ پر واقع سرکاری گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران کسانوں کے مسائل پر غور وفکر کیا گیا اور عوامی مسائل سے متعلق ایک میمورنڈم دیوبند کے ایس ڈی ایم کے سپرد کرکے تمام مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
تفصیل کے مطابق سنیچر کے روز بھارتیہ کسان یونین کے ضلع جنرل سکریٹری حاجی عباس کی قیادت میں بھارتیہ کسان یونین کے کارکنان نے ایس ڈی ایم کے دفتر پہنچ کر ایس ڈی ایم دیپک کمار سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم دیتے ہوئے شہر میں نالے اور نالیوں کی صفائی اور بھائیلہ ریلوے پھاٹک اور قاسم پورہ ریلوے پھاٹک کے درمیان میونسپل بورڈ دیوبند کی جانب سے ڈالے گئے کوڑے اور کچرے ہٹائے جانے اور بجلی محکمہ کی جانب سے کسانوں کے استحصال کو روکے جانے کا مطالبہ کیا گیا ۔
اس کے علاوہ میمورنڈم میں شہر میں تعمیر ہونے والے مکانات کی تعمیرات کے لئے پاس کئے جانے والے نقشوں پر بہت زیادہ فیس لئے جانے پر بھی سخت اعتراضات جتائے گئے اور کہا گیا کہ دیوبند میں مکان اور پلاٹ کا نقشہ پاس کرنے کی فیس اس ضلع کے دوسرے مقامات سے سات گنا زیادہ ہے جسے فوراً کم کیا جائے اس کے علاوہ میمورنڈم میں شامل کئے جانے والی شکایات اور مسائل کے حل کا مطالبہ کیا گیا ۔میمورنڈم دینے والوں میں شہر صدر کلیم گوڑ ،دیپک تیاگی،فرمان ،عرفان،اطہر نقبی،ارشاد،خالد،محمد سفیان،سنجے ،گلبہار،شہزار علی،پنجاب سنگھ،آزاد سنگھ اور رام کمار سمیت بھارتیہ کسان یونین کے درجنوں کارکنان موجود رہے ۔