کرناٹک میں ووٹر لسٹوں کے نئے مسودے سے لاکھوں ووٹروں کے نام حذف
ایس ڈی پی آئی کے وفد کا ریاستی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات
بنگلور۔ (پریس ریلیز)۔ کرناٹک اسمبلی کیلئے سال 2023میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مد نظر ریاستی الیکشن حکام نے گزشتہ 9نومبر 2022سے ریاست بھر میں ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کرکے ریاست کے تمام حلقوں کی ووٹر لسٹ کا مسودہ جاری کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بھر میں 17لاکھ ووٹرس کے نام حذف کئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری بی آر بھاسکر پرساد کی قیادت میں ایک وفد نے آج ریاستی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرکے شکایت درج کی کہ غیر قانونی کارروائی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ انتخابی کارروائی اس وقت تک شروع نہ کی جائے جب تک کہ ان لاکھوں ووٹروں کے ساتھ انصاف نہیں کیا جاتا جن کے نام غیر قانونی طو رپر ووٹر فہرست سے نکالے گئے ہیں۔
کرناٹک چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری بی آر بھاسکر پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں 2023میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے حکومت نے سروے کی آڑ میں ووٹروں کی ذاتی معلومات اکھٹا کرنے کیلئے کچھ نجی کمپنیوں کو استعمال کرتے ہوئے ووٹروں کی فہرستوں سے لاکھوں ووٹروں کے ناموں کو ہٹا دیا ہے۔
صرف بنگلور ضلعی میں تقریبا ساڑھے چھ لاکھ ووٹرو ں کے نام ووٹڑ لسٹ سے نکال دیئے گئے ہیں۔ ایس ڈی پی آئی نے اس ضمن میں چیف الیکشن کمشنر سے شکایت درج کی ہے۔ ووٹر فہرستوں سے جو نام غیر ضروری طور پر خارج کئے گئے ہیں ان کو دوبارہ ووٹر فہرست میں شمامل کرنے کیلئے عوامی سطح پر تحریک چلائی جائے گی۔وفد میں قومی کمیٹی ممبر محبوب عواد شریف، بنگلور ضلعی صدر مجاہد پاشاہ اور یادگیر ضلعی خازن خالد شامل رہے۔