کرناٹک: حجاب پہن کر امتحان دینے آئی طالبات کو روکا گیا

بنگلورو28مارچ (ہندوستان اردو ٹائمز) کرناٹک میں دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات شروع ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا، طالبہ، جو ریاست کے ہبلی ضلع میں نقاب پہن کر پہنچی تھی، اسے امتحان میں شامل ہونے سے روک دیا گیا اور اسے اسکول کایونیفارم پہن کرواپس آنے کے بعد ہی پرچہ دینے کی اجازت دی گئی۔
اس معاملے میں جانکاری دیتے ہوئے حکام نے بتایاہے کہ اسے کپڑے بدلنے اور نقاب اتارنے کے لیے اضافی وقت دیا گیا ۔ایک سینئر سرکاری اہلکار، دھارواڑ موہن کمارنے کہاہے کہ وہ سول ڈریس میں امتحان کے لیے آئی تھیں۔ اس نے یونیفارم ڈریس کوڈ کی پیروی نہیں کی اور برقعہ پہنا ہوا تھا۔ ہم نے اسے یقین دلایا کہ اسے ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرنا پڑے گا۔ جس کے بعد وہ راضی ہو گئی اور اب وہ اپنا امتحان دے رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی باگل کوٹ ضلع میں بھی ایسا ہی معاملہ سامنے آیا، جہاں طالبہ نے برقعہ اتارنے کے لیے کہے جانے پر امتحان چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ہائی اسکول کے امتحانات کے ساتھ ہی کرناٹک کے وزراء نے کہاہے کہ حجاب پر ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے طلبہ کو امتحان دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر داخلہ اراگا گیانندراکے مطابق قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔