کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر نیتا مظاہر حسن کا انتقال ، متعلقین میں غم کی لہر

دیوبند، 26؍ جنوری (فہیم صدیقی) دیوبند کی معروف شخصیت اور کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ضلع جنرل سکریٹری نیتا مظاہر حسن کا گزشتہ شب مختصر علالت کے بعد تقریباً 78برس کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر عزیز واقارب کے علاوہ اور سیاسی لیڈران میں غم کی لہر دوڑگئی اور لوگوں نے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔
نیتا مظاہر حسن مرحوم نہایت خوش اخلاق ، ملنسار اور دیوبند کی ہردلعزیز شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ وہ ہمیشہ کانگریس پارٹی سے وابستہ رہے اور پارٹی کی بنیاد علاقہ میں مضبوط کرنے میں پیش پیش رہے ۔ وہ کئی مرتبہ کانگریس پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی اور سونیا گاندھی سے بھی ملاقات کرچکے تھے ۔ کانگریس پارٹی ان کی رگوں میں بسی ہوئی تھی ، انہوں نے کانگریس پارٹی کی پوری زندگی خدمت کی ۔ ان کا انتقال کانگریس پارٹی کے لئے ایک خسارہ قرار دیا جارہا ہے، دیوبند کی سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ شہر کے صحافیوں میں ان کے انتقال پر افسوس وصدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند ایک صاف ستھری قیادت سے محروم ہوگیا ہے۔
نیتا مظاہر حسن کی سیاسی وسماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہر کے سیاسی وسماجی تنظیموں نے مرحوم کے اہل خانہ وجملہ پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر احاطہ مولسری میں ادا کرائی گئی اور شاہ ولایت قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں بیوہ سمیت ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں، نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر راحت خلیل، اجے راوت، مسلم فنڈ ٹرسٹ کے منیجر سہیل صدیقی، عدیل صدیقی، کانگریس پارٹی کے شہر صدر تنظیم صدیقی، سلیم قریشی، حیدر علی، سلیم عثمانی، وریام خان، عامر عثمانی، انعام قریشی، جمال الدین انصاری، شوکت سلمانی، شاہنواز سلمانی، محمد عارف سلمانی، فرقان انصاری، چودھری شمشاد جنگ، مشرف عثمانی، عارف عثمانی، سمیرچودھری، فہیم عثمانی، نگر پالیکا ممبر محمد آصف ، عبدالقادر خاں، انصار مسعودی، لئیق انصاری، محمد انوار، نسیم انصاری ایڈوکیٹ وغیرہ موجود رہے۔