بہار

پورنیہ کی تمام وقف اراضی کے مسائل ترجیحی طو رپر حل کئے جائیں گے۔ خورشید انور صدیقی

بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ 259 مادھوپارہ کی اراضی کا کیا معائنہ

پورنیہ،2/جون(نیاز احمد قاسمی) بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر جناب خورشید انور صدیقی نے پورنیہ شہر ودیہات میں واقع مختلف وقف اراضی کا دورہ کرکے وہاں کامعائنہ کیا اور اس کے مسائل سے روبرو ہوئے،اسی سلسلے میں انہوں نے ضلع اقلیتی فلاح وبہبود افسرپورنیہ اور ضلع اوقاف کمیٹی کے سکریٹری مظفرالزماں کے ساتھ پورنیہ شہر کے قلب میں واقع بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ 259 کی اراضی کا بھی دورہ کرکے یہاں کی منتظمہ کمیٹی کے عہدیداران وممبران کے ساتھ ایک اہم مٹینگ کی اور تفصیلی طور پر اس وقف اراضی سے متعلق مسائل کو خاص دلچسپی وانہماک سے سننے کے بعد دوران مٹینگ ہی اپنے اختیار اعلی کا استعمال کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کے متعلقہ افسران سے بات کرکے یہاں کے جملہ مسائل کو بلا تاخیرحل کرنے کی تاکید کی اوروہاں کثیر تعداد میں موجود لوگوں کو مخاطب کرکے کہا کہ پورنیہ کی تمام وقف اراضی کے مسائل ترجیحی طور پر حل کئے جائیں گے اور ہم وقف کی اراضی کے تحفظ اور اس کو عوامی مفاد میں کارآمد بنانے کے لئے ہمیشہ کوشاں ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے اپنے عزم وحوصلے کا اظہار کرتے ہوئے اور بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ کو اپنی توجہ کا مرکز بتاتے ہوئے کہا کہ بہت جلد اس اراضی پر مجوزہ کثیر المقاصد عمارت کی تعمیر میں درپیش دشواریوں کو دور کرکے مذکورہ عمارت کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کے علاوہ دیگر منصوبات کے تحت یہاں عوامی فلاح و بہبود پر مشتمل کام کئے جائیں گے۔انہوں بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ کی منتظمہ کمیٹی کی کارگزاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارے درمیان بے لوث دینی وملی خدمت سے سرشار ایسے افراد کی ٹیم موجود ہے،تب تک ہماری وقف اراضیوں کے تحفظ وحفاظت پر سوالیہ نشان نہیں لگ سکتاہے۔

بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ 259 کی منتظمہ کمیٹی کے نائب صدر اور بہار کے معروف فعال ومتحرک سماجی کارکن مولانا سید طارق انور نے پریس کو دیئے اپنے اعلامیہ میں بہار اسٹیٹ سنی وقف بور ڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے دورہ کو یہاں کی وقف اراضیوں کے لئے خوش آئنداورمثبت قدم بتاتے ہوئے کہا ملک وقوم کی فلاح وبہبود کی فکررکھنے والے ایسے افسران کی گاہ بگاہ آمد متولیان ومنتظمہ کمیٹیوں کے ساتھ اس سے وابستہ افراد کے حوصلوں میں اضافہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کی فعالیت،نیک نیتی اور ان کے اندرفرض منصبی کی ذمہ داریوں کے احساس کا نتیجہ ہے کہ بہار کے مختلف اضَلاع کی اوقاف کی اراضیاں جو کسی زمانے میں بنجر اور لاوارث ہوتی تھیں آج وہ اراضیاں ترقیات کی منازل طے کرتے ہوئے قوم وملت کی فلاح وبہبود کے لئے ایک مثال قائم کررہی ہیں۔مولانا طارق انور نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہار اسٹیٹ سنی وقف بور ڈ کے چیئرمین جناب ارشاداللہ صاحب کے ممنوں ومشکو رہیں کہ ان کی رہنمائی میں بہار کے مختلف اضلاع میں واقع وقف کی اراضیاں مثبت انداز میں تعلیمی وسماجی سطح پر ترقی وعوامی مفادات میں سرگرم رول ادا کررہی ہیں۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button