پوتے نے کیا دادا کا قتل

دیوبند، 19؍ ستمبر (رضوان سلمانی) سہارنپور سے رشتہ کو تار تار کردینے والا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے جہاں کلیوگی پوتے پیسہ نہ دینے پر اپنے دادا کو رسی سے گلا دبا کرہلاک کر دیا۔اس سنگین واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ ا
طلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔واقعہ پیر کی صبح تقریباً 5 بجے نکوڑ کوتوالی کے ساڈھولی گاؤںکا۔ بزرگ کسان پیرو (70 سال) اتوار کی رات اپنے گھیر میں سو رہا تھا۔ پیر کی صبح جب اس کی بہو گھیرمیں جانوروں کو چارہ ڈالنے گئی تو کسان چارپائی پر مردہ پڑا ہوا تھا اور اس کی گردن پر رسی کے نشانات تھے۔ جس کی اطلاع اس نے خاندان کے دیگر افراد کو دی۔ متوفی کے دوسرے پوتے پارس نے کوتوالی میں تحریر دے کر الزام لگایا کہ اس کے چچا کا بیٹا سونو ولدچندر پال منشیات کا عادی تھا اور اکثر دادا سے رقم کا مطالبہ کرتا تھا۔ رقم دینے سے انکار پر رات دونوں کے درمیان کہا سنی بھی ہوئی تھی۔ اس وقت پڑوسیوں نے سمجھایا اور معاملہ رفع دفع کرایا۔ لیکن صبح سویرے موقع پا کر سونو نے اپنے دادا کا رسی سے گلا دبا کر قتل کر دیا۔
کوتوال راجندر وششٹھ نے بتایا کہ پولیس نے قتل کی رپورٹ درج کرنے کے بعد ملزم سونو کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ لاش کا پنچنامہ بھر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔متوفی کسان پیرووا تقریباً 70 بیگھہ زمین کا مالک تھا۔ تمام جائیداد بھی ان کے نام پر ہی تھی۔ متوفی کے پڑوسیوں اور گاؤں والوں نے بتایا کہ ملزم سونو اکثر کسان سے رقم کا مطالبہ کرتا تھا۔ جبکہ وہ ملزم کو پہلے ہی کافی رقم دے چکا تھا۔ گاؤں والوں کے مطابق ملزم نے اتوار کی رات ہی پیسے نہ دینے پر کسان کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔