ممبئی

پروفیشنل کورسس معاشرے کے تعلیمی اور معاشی استحکام کی ضامن ، ہنر سے روایتی تعلیم کی افادیت میں چار چاند لگ جاتا ہے:مولانا حلیم اللہ قاسمی

ممبئی 30/جنوری (ہندوستان اردو ٹائمز) پروفیشنل کورسس معاشرے کے تعلیمی اور معاشی استحکام کی ضامن ہوتی ہے،لیکن ہمارے یہاں پروفیشنل کورسس پر توجہ عمومی تعلیم سے کہیں کم ہے۔ضرورت ہے کہ نسل نو بلا امتیاز مرد و زن فنی تعلیم (پروفیشنل کورس)کو بھی حاصل کریں تاکہ ذریعہ معاش کی راہ ہموار ہو۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے مسجد عاشقان رسول،شیواجی نگر،گونڈی،ممبئی میں منعقدہ جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی کی مجلس منتظمہ کے اجلاس سے کیا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے موجودہ دور میں خواتین کے لیے صنعت و حرفت اور علوم و فنون کے حصول پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ دین کی ضروری معلومات کے ساتھ عصری علوم و فنون کا حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ بچوں کی بہتر تربیت کی جاسکے، وقت ضرورت کسی حد تک معاش کے لیے وسائل و ذرائع فراہم کیے جا سکیں،اور حصول رزق میں آسانی ہو۔اس کو مذہب اسلام میں استحسان کی نظر سے دیکھا گیا ہے۔اس جانب جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی کے احباب کی طرف سے کی جانے والی کوششیں اورمجوزہ پروگرام ہم سبھی ذمہ داران ووابستگان جمعیۃ کے لئے بھی نمونہ ہے۔
مولانا محسن علی خان(صدر جمعیۃعلماء حلقہ گوونڈی،ممبئی)کی صدارت میں منعقد ہونے والی جمعیۃعلماء کی مجلس منتظمہ کی میٹنگ میں جہاں جماعت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا وہیں مستقبل کے لیے چند ضروری اور اہم امور پر تبادلہ خیال کے بعدحاضرین کی اتفاق رائے سے یہ طے کیا گیا کہ موجودہ حالات میں بچوں اور بچیوں دونوں کو تعلیم کے ساتھ ہنر سے بھی آراستہ کرنا وقت کا بہت اہم اور ضروری تقاضا ہے۔اس کے لیے ہماری یونٹ اول مرحلہ میں کچھ ایسے کم مدتی پروفیشنل کورسس کے لیے کلاسس شروع کرنے جارہی ہے جس کو مکمل کرنے کے بعد بچہ ہو یا بچی وقت ضرورت اپنے گزر بسر کا بند و بست کرسکے۔
مولانا صدر عالم قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء حلقہ گوونڈی،ممبئی)نے حلقہ میں جاری جمعیۃعلماء کی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے جماعت کے کام کو آگے بڑھانے اور منظم و بہتر انداز سے کرنے کے لیے چند امور پر روشنی ڈالتے ہوئے تجاویز پیش کی جس سے حاضرین نے اتفاق کیا۔
مولانا نے پروفیشنل کورسس(کمپیوٹر کلاسس،ڈیجیٹل مارکیٹنگ کورس،ٹیلی کورس،ابتدائی کورس،سلائی کڑھائی کورس،منہدی کورس،کیک میکنگ کورس وغیرہ) کا تعارف کراتے ہوئے اس کی اہمیت وافادیت کو بھی مختصر اً بیان کیا۔اور وقت رہتے ہوئے اس سنہرے موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
آخر میں مولانا حلیم اللہ قاسمی نے جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی کے احباب کی طرف سے خدمت خلق کے شعبہ سے متعلق انجام دی جانے والی گوں نا گوں خدمات کو سراہا اورآگے کے لیے مجوزہ پروگرام پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور اسکی کامیابی کے لئے اپنی نیک خواہشات و دعائیں دیں۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button