پرشانت کشور توجہ کے لائق نہیں،آرجے ڈ ی کاحملہ،نتیش کمارکی پارٹی نے سی اے اے منظورکرانے میں بی جے پی کی مددکی

پٹنہ9مئی (ہندوستان اردو ٹائم) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو نے پرشانت کشور کے اپنے والد اور پارٹی صدر لالو پرساد کے بارے میں بیان پر ناراضگی ظاہر کی ہے کہ انہوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے اقتصادی ترقی کو نظر انداز کیا۔
تیجسوی یادونے کہاہے کہ وہ انتخابی پالیسی سازپرشانت کشور پر کوئی توجہ نہیں دیتے۔پرشانت کشور نے کہا ہے کہ آر جے ڈی صدر لالو پرساد نے پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنایا، لیکن اقتصادی ترقی کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کی لیکن وہ توقعات پر پورا نہیں اترے۔اس کا جواب دیتے ہوئے تیجسوی نے کہاہے کہ میں اس پر توجہ نہیں دیتا کہ وہ (کشور) کیا کہتے اور کرتے ہیں۔ وہ کون ہیں؟ وہ بہار میں کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہے ہیں۔تیجسوی یادو نے 2015 کے اسمبلی انتخابات سے سرگرمی دکھانا شروع کی جب لالو پرساد اور نتیش کمار نے ایک ساتھ انتخاب لڑا اورپرشانت کشور پیشہ ورانہ طور پر ان کی مدد کر رہے تھے۔
آر جے ڈی لیڈر سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان کے بارے میں بھی پوچھا گیا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو کورونا وبا کا بحران ختم ہونے کے بعد لاگو کیا جائے گا، جس پر نتیش کمار کا موقف واضح نہیں ہے۔سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاہے کہ نتیش کمار کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں سی اے اے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ میری پارٹی نے اس کی مخالفت کی۔ اس لیے ہمیں اس مسئلہ پر وضاحت کرنے کی ضرورت نہیں۔ تاہم وزیر اعلیٰ کو ضروری وضاحتیں دینی ہوں گی۔نتیش کمار کی جنتا دل (یو) نے سی اے اے کی حمایت میں ووٹ دیا تھا، لیکن وزیر اعلیٰ ملک بھر میں مجوزہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کی مخالفت کر رہے ہیں۔پرشانت کشورجو اس وقت جے ڈی یو کے قومی نائب صدر تھے، سی اے اے کے خلاف آواز اٹھا رہے تھے اور اس موقف کی وجہ سے ان کے نتیش کمار سے اختلافات ہوئے اور پرشانت کشورکو بعد میں پارٹی سے نکال دیا گیا۔