دیوبند

پبلک گرلز انٹر کالج میں الوداعی تقریب کا انعقاد

دیوبند، 22؍ مارچ (رضوان سلمانی) یوپی بور ڈ الہ آباد کے ہائی اسکول و انٹر میڈیٹ کے بورڈ امتحانات کل 24؍ مارچ سے شروع ہورہے ہیں، طالبعلم امتحانات کے بعد اپنے اپنے پسند کے تعلیمی اداروں میں داخلے لیں گے ،کئی کئی سالوں تک ایک ساتھ تعلیم حاصل کرنے والے نئے تعلیمی سال میں ایک دوسرے جدا ہوجائینگے ،اس صورتحال کے مدنظر طلبہ وطالبات ایک دوسرے کے لئے الوداعی تقاریب کا اہتمام کررہے ہیں۔دیوبند میں تعلیم نسواں کے قدیم ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج میں بھی ایک الوداعیہ تقریب منعقد ہوئی ،

اس موقع پر درجہ 9کی طالبات نے درجہ دس (ہائی اسکول)کی طالبات کیلئے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا،اسی طرح درجہ گیارہ کی طالبات کی جانب سے انٹر میڈیٹ کی طالبات کو شاندار الوداعیہ دیاگیا۔ اس دوران مختصر انداز میں ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے اور طالبات نے ایک دوسرے و اپنی ٹیچرزکو یادگا تحائف پیش کئے اور بہتر تعلیمی مقاصد کے حصول کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔ اس موقع پر ادارہ کی سرپرست صبا حسیب صدیقی نے بورڈ امتحانات میں شریک ہونے والی تمام طالبا ت کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہونے اور شاندار مستقبل کے لئے دعائیں دیں، ادارہ کی کارگزار پرنسپل صفیہ گوہر نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہی ہر نوجوان کے بہتر مستقبل کی ضامن ہے، ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ تعلیم کی ابتدائی سیڑھیاں ہیں ،ابھی آپ کو تعلیم کے بڑے بڑے سنگ میل عبور کرنے ہیں،

انہوں نے کہاکہ تعلیم ہی آپ کی اصل اساس ہے ،علم کو سینے لگائیں اور اپنے ملک ،قوم و خاندان کے لئے بہتر شہری اور ملک و قوم کی خدمت رکھنے والے مہذب افراد کی صف میں شامل ہوں اور تعلیم کی رورشنی چہار سو پھیلانے کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیے۔ صفیہ گوہر نے کہاکہ ان کی اورادارہ کی تمام ٹیچرس کی نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں،آپ جہاں بھی رہیں ادارہ اور اپنے والدین کانام روشن کریں اور بھرپور ترقی کریں۔ پبلک گرلز انٹر کالج کی دیگر ٹیچر شبانہ ذکی،نصرف جہاں ،روبینہ شہزاد،شاکرہ،زینب سنبل،شائستہ شاہین، اسراء جنید،ساجدہ، فرناز وغیرہ نے بھی طالبات سے خطاب کیا اور ان کو تابناک مستقبل کی دعائیں دیں ۔

الوداعی تقریب کے اختتام پر درجہ 9اور درجہ گیارہ کی طالبات نے ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ کی طالبات کویادگاری تحائف پیش کئے،انٹر میڈیٹ کی طالبات علوینا، بریرہ،یسریٰ و میمونہ اور ہائی اسکول کی طالبات عفیفہ،خطیبہ،ثناء،زینب،عائشہ،روشن اور رقیہ نے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گرلز انٹر کالج کے خوشگوار ماحول میں بہت شاندار طریقہ سے تعلیم حاصل کی،ان کی تمام ٹیچرس نے بہت زیادہ محنت ،شفقت اور لگن کے ساتھ انہیں تعلیم دی ہے، جو ہمارے لئے پوری زندگی یادگار کے طورپر دل و دماغ میں تازہ رہیگا۔آخر میں طالبات نے نہایت رقت آمیز طریقہ سے ایک دوسرے کو الوداع کہا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button