دیوبند

پاسبان اردو ادب چرتھاول کے زیراہتمام مشاعرہ کا انعقاد

ارے ناصح غلامِ مصطفٰیؐ ہوں ٭ ڈراتا کیا ہے تُو روزِ جزاء سے

دیوبند، 10؍ فروری (رضوان سلمانی) گزشتہ شب قصبہ چرتھاول کے محلہ تیرگران میں پاسبان اردو ادب چرتھاول کے زیر اہتمام ایک خوبصورت مشاعرہ کا انعقاد ہوا۔ ارشاد صابری کی صدارت اور مولانا واقب کلہیڑی کی نظامت میں مشاعرہ بے حد کامیاب رہا۔محب اردو اور اردو ڈیولپمینٹ آرگنائزیشن مظفرنگر کے کو آرڈنیٹر تحسین علی اساروی و اردو خدمت گار ڈاکٹر سلیم سلمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مشاعرے کی شمع روشن کی۔ منتظمین مشاعرہ محمد عمران،غفران نفیس اور ماسٹر ہاشم چرتھاولی نے پروگرام کو سجانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ابوالکلام کلیم چرتھاولی کی نعت پاک سے مشاعرے کا با برکت آغاز ہوا۔شعراء کے منتخب اشعار باذوق قارئین کی نذر ہیں۔
بیان کرنا حقیقت کو چھوڑ دیں کیسے٭ ابھی تو منہ میں ہمارے زبان باقی ہے فیروز انور
نقشہء عشق میں ہو چور تمہیں کیا معلوم ٭ کیا محبت کے ہیں دستور تمہیں کیا معلوم قاری شکیل احمد
سلیقہ سیکھ لے ناداں زمیں پر چلنے پھرنے کا٭ تکبر کرنے والوں سے وہ دولت چھین لیتا ہے واقب کلہیڑوی
صدا درود کی چاروں طرف سے آتی ہے٭ میں جب بھی بزم میں لیتا ہوں نام آقاؐ کا مبین ساحر
مری دعا کا خدایا ثمر عطا کردے٭ نبیؐ کے شہر میں چھوٹا سا گھر عطا کر دے قاری شاداب چرتھاولی
مانا کہ بہت خالی ہے فن بے لباس ہے٭ لیکن شعور و فکر کی دولت تو پاس ہے ارشاد صابری
ہم بظاہر تو اپنے گھر میں رہے٭ عمر گزری ہے قید خانے میں تحسین علی قمر اساروی
جب زباں پر محمدؐ کا نام آ گیا٭ ہر زباں پر درود و سلام آ گیا تحسین ثمر چرتھاولی
ارے ناصح غلام مصطفٰیؐ ہوں٭ ڈراتا کیا ہے تُو روز جزاء سے ڈاکٹر تنویر گوہر
عثمان احمد ایڈوکیٹ کے علاوہ قصبہ کے بہت سے معزز سامعین کرام نے مشاعرے میں شرکت کی ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button