بین الاقوامیشوبز

ٹی وی شو میں ریحام خان نے تیسری شادی کا عندیہ ظاہر کر دیا

لکھاری اور صحافی ریحام خان نے تیسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے تیسری شادی کی تو ان کے ہونے والے شوہر کو سرپرائز ملے گا۔

ریحام خان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں، انہوں نے پہلی شادی 1990 کے بعد کی تھی جو 2005 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

انہیں پہلی شادی سے تین جواں سالہ بچے بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔

ریحام خان نے دوسری شادی جنوری 2015 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے کی تھی، مگر 10 ماہ میں ہی ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں ہی طلاق ہو گئی۔

عمران خان سے شادی اور طلاق کے بعد ہی ریحام خان کو عالمی سطح پر شہرت ملی، اس سے قبل وہ صحافت سے منسلک رہی تھیں جب کہ وہ فلم پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کر چکی ہیں۔

ماہر علم نجوم نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی تیسری شادی کی پیشگوئی کی ہے جبکہ خود ریحام خان نے بھی اپنی تیسری شادی کا عندیہ دیا ہے۔

ریحام خان نجی ٹی وی چینل کے عید الاضحیٰ کے خصوصی شو میں شریک ہوئیں جس میں انہوں نے اپنی سابقہ شادیوں سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

شو میں موجود علمِ نجوم کی ماہر سامعہ خان نے ریحام خان کے ستاروں سے متعلق بتایا، انہوں نے کہا کہ ’11 مئی 2022 سے ریحام خان کے اچھے وقت کا آغاز ہو چکا ہے، ریحام خان اب بہت زیادہ لائم لائٹ میں نظر آئیں گی’۔

فائل فوٹو

سامعہ خان نے کہا کہ ‘ریحام سے متعلق خوبصورت خبریں سن سکتے ہیں اور یہ دھماکا جولائی کے اختتام سے قبل بھی ہوسکتا ہے اگر تب نہ ہوا تو 20 دسمبر کے بعد شہنائیوں (شادی) والے دھماکے ہو سکتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ ایسا سرپرائز ہو گا کہ شاید کچھ لوگوں کی کمر ہی ٹوٹ جائے’ جس پر میزبان نعمان اعجاز نے ریحام خان سے سوال کیا کہ ‘کیا اب شادی کے کوئی امکانات ہیں؟’

جواب دیتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ ‘ہو بھی سکتا ہے’، ساتھ ہی انہوں نے ایک قصہ سنایا کہ ‘رمضان میں میری قریبی جاننے والی سے ملاقات ہوئی، انہوں نے میرا ہاتھ دیکھا تو کہاکہ بیٹا مجھے پتہ ہے کہ آپ کی دو شادیاں ہو چکی ہیں لیکن ہاتھوں کی لکیروں میں یہ دو شادیاں بہت ہلکی ہیں ‘۔

ریحام نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ‘انہوں نے مجھے کہا بیٹا آپ مانیں گی، آپ کے ہاتھ میں شادی کی تیسری لکیر موجود ہے’۔

انہوں نے ایک اور دلچسپ واقعہ بتایا کہ ‘حال ہی میں میرے ایک بھانجے کی شادی ہوئی جو مجھ سے کافی قریب ہے، وہ شادی پر رضامند نہیں تھا بہت مشکلوں سے راضی ہوا، اسے اس کے والد نے کہا کہ بیٹا دیکھو خدا کا واسطہ ہے شادی کرلو ورنہ خالہ تیسری شادی کر لیں گی’۔

ریحام نے کہا کہ ‘میں نے ان سے اس بات پر گلہ کیا اور کہا اب تو میں شادی کروں گی یہ میری ضد ہے’۔

ریحام خان نے بتایا کہ مجھے مہندی لگوانے کا بالکل شوق نہیں ہے، نا ہی کبھی لگوائی ہے، مجھے مہندی پسند ہی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنی کسی شادی پر مہندی نہیں لگوائی تھی۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button