ٹوئٹر روزانہ دس لاکھ جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کررہا ہے

کیلیفورنیا: ٹوئٹر کے انتظامات چلانے والی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم جعلی اکاؤنٹس کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے روزانہ تقریباً دس لاکھ جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرتا ہے۔ علاوہ ازیں ایک بریفنگ کے دوران سماجی رابطے کے پلیٹ فارم نے تمام ٹوئٹر اکاؤنٹس کے تقریباً 20 فی صد اکاؤنٹس جعلی ہونے کے دعووں کی تردید بھی کی ہے۔
ٹوئٹر کی جانب سے بریفنگ ایلون مسک کے ٹوئٹر کو خریدنے کی ڈیل ختم کرنے کی دھمکی کے بعد دی گئی۔ انہوں نے کمپنی سے مطالبہ کیا تھا کہ کمپنی انہیں پلیٹ فار پر 5 فی صد سے کم جعلی اکاؤنٹس ہونے کے ثبوت دے ورنہ وہ یہ ڈیل ختم کر دیں گے۔
ایک کانفرنس کال پر کمپنی نے یہ بات دہرائی کہ پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس 5 فی صد سے کم ہیں۔ ٹوئٹر خریدنے کی پیش کش سے قبل ایلون مسک نے جعلی اکاؤنٹس کو ٹوئٹر کا اکلوتا پریشان کن مسئلہ قرار دیا تھا۔
ٹوئٹر پر ایلون مسک متعدد بار جعلسازوں کا شکار بنے ہیں۔ ان جعلسازوں نے ایلون مسک کے اکاؤنٹ کی نقل بنا کر ٹوئٹر صارفین کو دھوکا دے کرپٹو کرنسی بطور تحفہ لینے کی کوششیں کی تھیں۔ ایلون مسک کے مطابق جعلسازوں کے اکاؤنٹ سے بچنے کے لیے ایک طریقہ یہ ہے کہ تمام حقیقی انسانوں کی ویریفیکیشن چیک سے تصدیق کی جائے۔