
نئی دہلی؍ممبئی ، 4 ستمبر ( ہندوستان اردو ٹائمز) ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی ممبئی کے پال گھر علاقے میں سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ پال گھر کے ایس پی نے حادثے میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ پال گھر کے چروٹی میں اس وقت پیش آیا جب وہ احمد آباد سے واپس آ رہے تھے۔پی ایم مودی نے سائرس مستر ی کی موت پر ٹوئٹ کے ذریعہ اظہار تعزیت کیا ۔
پی ایم مودی نے کہا سائرس مستری کے بے وقت انتقال سے صدمے میں ہوں۔ وہ ایک قابل صنعتکار تھے جو ہندوستان کی معاشی طاقت پر یقین رکھتے تھے۔ان کی وفات صنعت و تجارت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ میں ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ وہیں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کے انتقال کی خبر سن کر قلبی دکھ ہوا۔ وہ ملک کے معروف کاروباری افراد میں سے ایک تھے۔ انہوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ میں ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
ٹاٹا سنز کے سابق سربراہ سائرس مستری کے انتقال کی خبر پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹر کے سی ایم ایکناتھ شندے نے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر سن کر مجھے صدمہ پہنچا ہے۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے بلکہ صنعتکاری میں روشن اور مستقبل کے حامل شخص کے طور پر بھی سمجھے جاتے تھے۔ ہم نے ایک ہنر مند کاروباری شخصیت کو کھو دیا ہے۔ یہ نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ملک کی صنعتی دنیا کے لیے بھی بہت بڑا نقصان ہے۔ میں انہیں دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے کہا کہ پال گھر کے قریب ایک حادثے میں ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ ان کے خاندان، دوستوں اور ساتھیوں سے میری تعزیت پیش ہے۔ میں نے ریاست کے ڈی جی پی سے بات کی ہے اور اس حادثے کی تحقیقات کی ہدایات بھی دی ہیں۔