وزیراعلی نتیش کمار نےصوبے میں امن و سکون کا ماحول قائم کیا ہے : سلیم پرویز

پٹنہ، ۵۱جون (ہندوستان اردو ٹائمز) فرقہ پسندی،انتہا پسندی،مذہبی جنون پسندی،نفرت انگیزی، نوٹ بندی اورکورونا جیساملک میں خواہ کیسا بھی ماحول رہاہواورخوف و دہشت کا پرآشوب دور ہو،وزیر اعلی نتیش کمار نے اس کا کوئی بھی اثر بہار میں نہیں پڑنے دیا اور بڑی ہی حکمت عملی کے ساتھ صوبے میں نظم و نسق اور امن قانون کی صورت حال کو برقرار رکھا۔
سیلا ب اوردیگر آفات سماوی و ارضی کے مواقع ہوں یا وبائی امراض کا دور ہو وہ ہمیشہ مستعد رہتے ہیں۔ وہ بدعنوانی،غنڈہ گردی و دیگر جرائم کے انسداد کے سلسلے میں کبھی بھی کوئی سستی نہیں برتتے بلکہ فوری کارروائی میں یقین رکھتے ہیں۔ جب بھی کوئی نازک یا سنسنی خیز معاملہ روشنی میں آتا ہے تو اس موقع پر ذاتی طور سے دلچسپی لیتے ہیں اور حالات معمول پر آنے تک اس پر اپنی عمیق نگاہ رکھتے ہیں۔ صورت حال کا جائزہ لے کر خودہی ٹیلی فون و دیگر ذرائع سے افسران کو ہدایتیں دیتے ہیں۔ ان تمام حالات کے درمیان انہوں نے بڑی ہی حکمت عملی اور دانشمندی کے ساتھ صوبے میں امن و سکون اور سماجی بھائی چارے کو فروغ دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار اقلیتی سیل جنتا دل (یو)بہار کے صدر اور سابق ڈپٹی چیر مین بہار قانون ساز کونسل،پٹنہ جناب سلیم پرویز آج بکسر میں منعقدہ ضلع اقلیتی سیل کی جائزہ میٹنگ میں خطاب کے دوران کررہے تھے۔موصوف نے مزید کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے صوبے میں امن و سکون قائم کرنے کے لئے جس طرز حکمرانی کی بنیاد ڈالی ہے وہ انہیں کا حصہ ہے۔ انہوں نے اقلیتی طبقہ کے عوام بالخصوص مسلمانوں کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ جب انتخاب کا موقعہ آئے تو ذات برادری اور مذہب سے بالا تر ہوکربڑی ہی دانشمندی کے ساتھ اپنے ووٹوں کا صحیح استعمال کر تے ہوئے اپنے و اپنے صوبہ اورسماج کے مفاد ات میں اپنی قیمتی رائے دہی کا استعمال وزیر اعلی نتیش کمار کے حق میں کریں۔ بکسر میں منعقدہ اس میٹنگ کی صدارت صلع کے سینئر رہنماجے ڈی یو)دینا ناتھ ٹھاکرنے کی جبکہ نظامت کے فرائض سراج انصاری نے ادا کئے ۔
سابق امیدوار حلقہ بکسر ‘بہار اسمبلی انتخاب۰۲۰۲ءمحترمہ انجم آرہ،ہیڈ کواٹر انچارج ڈاکٹر سید صبیح احمد،عابد حسین، ڈاکٹرنور عین انصاری ،راشدہ خاتون،رخسانہ پروین،آرین سیموئل اورسابق وارڈ کونسکر سنجئے کیسری نے اظہار خیال کیا جبکہ محمد امام الدین راعین، اسامہ محبوب،نجم احسن، امت یادو، اسرائیل راعین،آل رسول انصاری،دلپ کمار شرما، مستقیم انصاری،رمیش سنگھ،انیرودھ تیواری،آزاد سنگھ راٹھور،دیپک کمار،فیروز انصاری، مبارک انصاری،اشرف علی انور میاں،محمد حسن اورروی کمار و پون کمارکے علاوہ بڑی تعداد میں سیل و پارٹی کے ارکان و کارکنان اوراقلیتی طبقہ کے لوگ موجود تھے