قومی

وزیراعلیٰ منوہرلال کھٹر نے اماموں کی تنخواہ میں کیا 50 فیصد اضافہ

گروگرام ،7جنوری (ہندوستان اردو ٹائمز ) ریاست ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہرلال کھٹر نے ریاست بھر میں موجود مساجد کے اماموں کی تنخواہ میں پچاس فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے، نیز ہرسالہ ان کی ماہانہ تنخواہ میں 5 فیصد اضافہ بھی ہوتا رہے گا۔

 

ہریانہ وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر ذاکر حسین نے کہا کہ اماموں کو اب 14000 سے 16000 روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اماموں کی تنخواہ میں 5 فیصد سالانہ اضافے کا بندوبست ہندوستان میں پہلے کہیں نہیں کیا گیا۔ہریانہ وقف بورڈ نے اس کے لیے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق جمعرات کو منعقدہ پروقار تقریب میں پہلی بار ہریانہ کے وزیر اعلیٰ وقف بورڈ کے اماموں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ائمہ کی تنظیم نے کہا ہے کہ تنخواہوں میں خوش آئند قدم ہے۔ اس سے ہریانہ کی مختلف مساجد میں کام کرنے والے کم از کم 800 امام مستفید ہوں گے۔خیال رہے کہ اماموں کو ہریانہ وقف بورڈ کی طرف سے تنخواہ دی جاتی ہے۔ وقف بورڈ کو ریاستی حکومت سے گرانٹ ملتی ہے۔

 

وہیں وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹرنے کہا کہ ہریانہ میں بھائی چارہ بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ امام تنظیموں کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے مولاناوں اور ائمہ کے اعزازیہ میں اضافہ کیا ہے۔ پچھلے کئی سالوں سے مطالبات پر غور نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میوات جیسے علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں امام اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہم اس علاقے میں مزید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ترقی پر بھی کام کر رہے ہیں۔ ائمہ نے ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ’ مہم کے ساتھ ساتھ میوات میں ‘کلین انڈیا’ مہم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

کھٹر نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ مندر کے پجاریوں کو بھی ان تنظیموں کے ذریعہ کم از کم اجرت ادا کی جائے جو انہیں ملازمت دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "حکومت کی طرف سے اس کی نگرانی اور اس سیکشن کی فلاح و بہبود کے لیے ایک بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ دسمبر 2022 میں کرنال میں ایک پروگرام کے دوران کھٹر نے ‘پجاری پروہت ویلفیئر بورڈ’ کے قیام کی بات کی تھی۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button