واٹس ایپ کے نئے فیچر نے صارفین کی مشکل آسان کردی

دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے پیغام ڈیلیٹ کرنے کے لیے دیے گئے آپشنز میں صارفین کو ایک اور سہولت فراہم کر دی ہے۔
صارفین اگر غلطی سے ‘ڈیلیٹ فار ایوری ون’ کے بجائے ‘ڈیلیٹ فار می’ کا آپشن استعمال کریں گے تو انہیں موقع دیا جائے گا کہ وہ اسے انڈو کر کے ‘ڈیلیٹ فار ایوری ون’ کا آپشن استعمال کر سکیں۔
واٹس ایپ پر اکثر صارفین کو اس مسئلے کا سامنا رہتا تھا کہ وہ غلطی سے کسی فرد یا گروپ میں کوئی پیغام بھیج دیتے تھے اور پھر اسے ڈیلیٹ کرنے کے دوران جلد بازی میں یا غلطی سے ‘ڈیلیٹ فار ایوری ون’ کے بجائے ‘ڈیلیٹ فار می’ کردیتے ہیں۔ جس سے وہ میسج بھیجنے والے صارف کے پاس سے تو ڈیلیٹ ہو جاتا ہے، لیکن جس شخص یا گروپ میں وہ پیغام بھیجا ہوتا تھا وہ اسے دیکھ اور پڑھ سکتے تھے۔
مگر اب واٹس ایپ نے صارفین کی اس مشکل کو بھی حل کردیا ہے۔ میسجنگ پلیٹ فارم کی جانب سے ‘ایکسیڈینٹل ڈیلیٹ’ فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس سے صارف اب ‘ڈیلیٹ فار می’ کے فیچر کو استعمال کرنے کے بعد ‘انڈو’ کرسکیں گے۔
یہ نیا فیچر کام کیسے کرتا ہے؟
‘ایکسیڈینٹل ڈیلیٹ’ فیچر میں صارف کے پاس بھیجے گئے میسج کو ‘ڈیلیٹ فار می’ کرنے کے بعد ایک آپشن آئے گا جس میں صارف اسے ‘ڈیلیٹ فار ایوری ون’ کرسکیں گے۔
تاہم ٹیکنالوجی ویب سائٹ ‘ٹیک کرنچ’ کے مطابق ‘ڈیلیٹ فار می’ کو انڈو کرنے کے لیے صارف کے پاس صرف پانچ سیکنڈ ہوں گے۔
We've added the option to undo 'Delete for me' for those times when you mean to delete for everyone but accidentally deleted for just yourself. pic.twitter.com/Ec0RCJKWio
— Will Cathcart (@wcathcart) December 19, 2022
اگر اس دوران صارف انڈو کے آپشن کا استعمال نہیں کرتا تو وہ پیغام پہلے کی طرح ڈیلیٹ فار می ہی رہے گا اور پیغام وصول کرنے والا صارف یا گروپ میں موجود لوگ اسے دیکھ سکیں گے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ نیا فیچر اینڈرائڈ اور آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
خیال رہے کہ 2017 میں واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے ”ڈیلیٹ فار ایوری ون’ کا آپشن متعارف کرایا گیا تھا جس کے تحت صارف غلطی سے بھیجے گئے پیغامات کو ڈیلیٹ کرسکتے تھے۔
ابتدائی طور پر پیغام ڈیلیٹ کرنا کا وقت سات منٹ تک تھا، بعد ازاں واٹس ایپ نے اگست میں اس ٹائم کو بڑھاتے ہوئے ڈھائی دن یعنی 60 گھنٹے کر دیا۔