نیپال طیارہ حادثہ: تمام 68 مسافر ہلاک، حکومت نے آج قومی سوگ کاکیا اعلان

کھٹمنڈو، 15جنوری (ہندوستان اردو ٹائمز) نیپال کی حکومت نے ضلع کاسکی میں طیارے کے حادثے پر پیر کو قومی سوگ کا اعلان کردیا ہے۔ حادثے میں تمام 68 مسافروں کی موت ہو گئی ہے۔ نیپال کے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ کابینہ نے قومی سانحہ پر سوگ کے لیے پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
امدادی کارکنوں نے پوکھرا میں طیارہ حادثے کی جگہ سے 68 لاشیں نکالیں ہیں۔حکومت نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک پانچ رکنی ٹیم بھی تشکیل دی ہے، جس میں زیادہ تر مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ یتی ایئر لائنز کا اے ٹی آر 72 طیارہ، جو صبح 10.32 بجے کھٹمنڈو سے پوکھرا کے لیے روانہ ہواتھا، اتوار کی صبح شہر کے نیاگاؤں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ چین کی مدد سے بنائے گئے نئے پوکھرا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارے میں آگ لگ گئی۔وزیر اعظم پشپا کمل دہل پرچنڈ تلاش اور بچاؤ آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے اتوار کی شام پوکھرا کے لیے روانہ ہوئے۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس رودر تھاپا نے کھٹمنڈو پوسٹ کو تصدیق کی کہ 25 لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پوکھرا کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔
تھاپا نے کہا کہ پولیس کو تقریباً 11 بجے حادثہ کا علم ہوا۔کاسکی ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں پولیس انسپکٹر گیان بہادر کھڑکا نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔ طیارے نے ریڈار سے غائب ہونے سے قبل صبح 10.50 بجے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔ یتی ایئر لائنز کے ترجمان نے بتایا کہ پرانے ہوائی اڈے اور پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے درمیان گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں کل 68 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔ مسافروں میں تین شیر خوار، تین بچے اور 62 بالغ افراد شامل ہیں۔نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مسافروں میں 53 نیپالی، پانچ ہندوستانی، چار روسی، ایک آئرش، ایک آسٹریلوی، ایک ارجنٹائنی، دو کورین اور ایک فرانسیسی شہری تھے۔