نوپور شرما کی گرفتاری کی عرضی پرفوری سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار، جانیں کورٹ نے کیا کہا؟

نئی دہلی ، 6جولائی (ہندوستان اردو ٹائمز ) سپریم کورٹ نے بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کی عرضی کی فوری یا ہنگامی سماعت سے انکار کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ ایک نجی ٹی وی پروگرام کے دوران پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخانہ بیان دینے والی نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے والی عرضی بدھ کو جسٹس اندرا بنرجی اور جے کے مہیشوری کی تعطیلاتی بنچ کے سامنے پیش کی گئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی، لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اس پر تعطیلاتی بنچ نے وکیل سے پوچھا کہ پھر ان کے سامنے پیش کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ اسے رجسٹرار کے سامنے پیش کیا جائے۔تعطیلاتی بنچ نے کچھ دیر تک وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست کو فوری سماعت کے لیے درج کرنے سے انکار کر دیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ فہرست سازی کے لیے رجسٹرار کے سامنے پیش کیا جائے۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل یکم جولائی2022 کو جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جے بی پردی والا نے نوپور شرما پر تنقید کی تھی اور ملک کی موجودہ صورتحال کے لیے انہیں اکیلے ہی ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔اس وقت تعطیلاتی بنچ نے کہا تھا کہ نوپور شرما کے بیان کی وجہ سے ملک کا سماجی تانے بانے خطرے میں ہے اور اسی وجہ سے اودے پور میں کنہیا لال نامی درزی کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔