دیوبند

نواز گرلز اسکول میں طالبات کے درمیان مقابلہ جاتی پروگراموں کاانعقاد

تعلیمی میدان میں طالبات کی صلاحیتوں کی پوری دنیا قائل ہے۔ڈاکٹر نواز

دیوبند،6؍ اگست(رضوان سلمانی) معروف عصری تعلیمی ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول میں آزادی کی 75؍ ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی کاامرت مہوتسوکے تحت ’آزادی امرت مہوتسو ہفتہ‘ کے عنوان پر متعدد مقابلوں اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیاگیا،جس میں نرسری سے دوسری جماعت کی طالبات نے حصہ لیکر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور حب الوطنی کا پیغام دیا۔مقابلوں میں سبھی چھوٹی چھوٹی بچیوںنے منفردانداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی آزادی اور تاریخ پر روشنی ڈالی۔

نرسری اور ایل کے جی کی طالبات نے قومی پرچم میں رنگ بھر کر اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ یوکے جی کی طالبات نے آرٹ اینڈ کرافٹ کے ذریعہ قومی پرچم بنایا۔ پہلی اور دوسری جماعت کی طالبات نے تھنب پینٹنگ کے ذریعہ ترنگا بنایا۔ اس دوران طالبات کی فنی صلاحیتیں دیکھ کر اسکول کے بانی و منیجراور عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بچیو ں کی خوب تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہ بچیاں ملک کا مستقبل ہیں ،آگے چل کر یہی بچیاں ڈاکٹر ،انجینئر اور افسر جیسے باوقار عہدوں پر پہنچ کر مختلف مقامات میں ملک اور اپنانام روشن کرینگی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مقابلہ جاتی دور میں بچیوں کی اپنی فنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے خوب محنت کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ تعلیمی میدان میں طالبات کی صلاحیتوں کی پوری دنیا قائل ہے، اسلئے طالبات کو پوری محنت و لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنی چاہئے۔ڈاکٹر نواز نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ لڑکی انقلاب کے مانند ہے، جو گھر اور خاندان سے لے کر سماج تک کو بدل سکتی ہے اور اسے بہتر بنا سکتی ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایسے گرلس اسکول یا تعلیمی اداروں کی بنیاد ڈالیں جہاں دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم بھی پڑھائے جاتے ہوں، تاکہ ہمارے قوم کی بچیاں محدود وقت میں ہر طرح کے علوم سے آراستہ ہو جائیں، صحیح اور غلط کے مابین فرق کرنے لگیں۔

اس کے لیے ذمہ داران کو بھی بچیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہو تے ہیں تب جا کر معاشرہ بدلے گا، اور آگے چل کر یہی بچیاں اپنی قوم اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گی، پھر مسلم سماج سے جہالت کا خاتمہ ہوگا اور مسلمانوں کی موجودہ تعلیمی، سماجی، سیاسی اور معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بچیوں سے ملک کی آزادی کی تاریخ کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی آزادی کے خاطر دی جانی والی قربانیوں سے روشناس کرایا،۔ اس دوران انہوں نے کہاکہ اسطرح کے مقابلوں کے انعقاد سے بچوں کوملک کی آزادی اور مجاہدین آزادی کے بارے میں معلومات ملتی ہے، یہ پروگرام ملک کی تاریخ اور تہذیب وتمدن شناخت بھی کراتے ہیں۔ اس دوران اسکول پرنسپل فوزیہ خان نے آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ بچیوں کے ذریعہ مقابلوں کے دوران کئے گئے فنی صلاحیتوں کے مظاہرے کی بھرپور تعاون کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ اس دوران اسکول کاجملہ اسٹاف موجودرہا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button