نریندر مودی نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے
انکی سوچ اور فکر کا ہی نتیجہ ہے کہ آج دنیا بھارت کا لوہا مانتی ہے۔جنرل وی کے سنگھ

دیوبند،24؍جولائی(رضوان سلمانی) مرکزی وزیر وی کے سنگھ آج سہارنپور پہنچے ان کے سہارنپور پہنچے پر بی جے پی کے کارکنان اور عہدیداران نے ان کا استقبال کیا ۔بعد ازاں گاندھی پارک میں واقع جن منچ ہال میں منعقدہ ایک سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے اپنے خطاب میں کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ تقسیم کرنے کی سیاست کی ہے ۔انہوں نے اپنی تقریر میں ملک کے وزیر اعظم نریند رمودی کو ایک نمایا خدمات انجام دینے والا لیڈر بتایا ۔ نے وزیرِ اعظم نرندر مودی اور سابق وزیرِ اعظم منموہن سنگھ کے عہد اور دونوں کے کاموں کا موازنہ کرتے ہوئے کانگریس کے دور اور ملک کی سیاسی تاریخ میں سابق وزیرِ اعظم منمو ہن سنگھ کو سب سے کمزور وزیرِ اعظم قرار دیا ہے ۔
وی کے سنگھ نے وزیر اعظم ِ نریندر مودی کی ملک کی 20سالہ خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے اپنے دور اقتدار میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔انہوں نے اپنی تقریر میں جہاں منموہن سنگھ کو ملک کا کمزور وزیرِ اعظم بتا یا وہیں انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جی بھر کر قصیدہ خوانی کی اور ان کی خدمات کے 20سال مکمل ہو نے کی کہانی تفصیل سے بیان کی انہوں نے کہا کہ نریندر مودی 12سال تک گجرات کے وزیرِ اعلیٰ رہے اور 8سال سے مسلسل ملک کے وزیرِ اعظم ہیں انہوں نے کہا کہ اس عرصہ میں وزیرِ اعظم رہتے ہو ئے ملک کی نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور ان کی سوچ اور فکر کا دائرہ بہت وسیع ہے ۔انہوں نے کہا کہ انکی سوچ اور فکر کا ہی نتیجہ ہے کہ آج دنیا بھارت کا لوہا مانتی ہے اور دنیا میں ملک کا ڈنکا بج رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کبھی ایک غیر سیاسی شخصیت تھے اور جیسے ہی مودی گجرات کے وزیرِ بنے تو ان کے جو ہر کھلے اور وہ ایک کامیاب وزیرِ اعلیٰ ثابت ہوئے اور ترقی کرتے کرتے ملک کی وزیرِ اعظم کی کرسی تک پہنچے اور بحیثیت وزیرِ اعظم انہوں نے ملک کے مفاد تاریخ ساز کارنامے انجام دئے ۔
انہوں نے کہا کہ مودی ایک دور اندیش شخصیت ہیں ان کو بڑے بڑے چیلینج قبول کر نیکی صلاحیت اور اہلیت ہے ۔وی کے سنگھ نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں چلائی جا رہی عوامی فلاح کی اسکیموں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مرکزی سرکار ایسی 114اسکیمیں چلا رہی ہیں جس سے غریب عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے غریبوں کے لئے صفر بیلنس پر بینک کھا تے کھلوائے ہیں اور ان کھاتوں کے ذریعہ ہی سیدھا فائدہ غریبوں کو پہنچ رہا ہے جبکہ سابق حکومت میں سرکاری اسکیموں کا فائدہ غریبوں تک نہیں پہنچتا تھا ۔ مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے اپنی کارگذاری بتاتے ہوئے کہا کہ سابق سرکار میں 12کلو میٹر سڑک روز تعمیر ہوتی تھی اور آج 37کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر روز آنہ ہو رہی ہے آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سب کا ساتھ سب کا وکاس کے تحت کام کرہے ہیں ان کے آٹھ سالہ دور اقتدار میں ملک نے جو ترقی کی ہے وہ کسی بھی حکومت میں نہیں ہوپائی ۔اس موقع پر وزیرِ اعظم کی 20سالہ سیاسی خدمات پر شائع ہو نے والی کتاب کا رسم اجراء بھی عمل میں آیا۔ اس موقع پر ضلع کے کارکنان اور عہدیداران موجود رہے ۔