نانوتہ میں سماج وادی پارٹی کو بڑا جھٹکا ، سماج وادی پارٹی کے ضلع نائب صدر افضال خان نے بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت اختیار کی

دیوبند، 27؍ جون (رضوان سلمانی) سماج وادی پارٹی کو نانوتہ قصبہ میں بڑاجھٹکا لگا ہے ، اپنے سیکڑوں ساتھیوں کے ساتھ سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہوئے سماج وادی پارٹی کے ضلع نائب صدر افضال خان کے سماج وادی پارٹی چھوڑنے سے پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے ۔ قصبہ نانوتہ کے گنگوہ روڈ پر واقع ایک وینکٹ ہال میں منعقدہ پروگرام میں شہر کے بڑی تعداد میں افراد پہنچے اور انہوں نے بھی بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ضلع سہارنپور میں سماج وادی پارٹی کے قدآورلیڈران میں شمار کئے جانے والے سماج وادی پارٹی کے ضلع نائب صدر اور نگر پنچایت نانوتہ کے سابق چیئرمین افضال خان آج سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ افضال خان کے بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہونے پر قصبہ میں بہوجن سماج پارٹی کے بڑے بڑے لیڈران موجود رہے۔ جنہوں نے افضال خان کا بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہونے پر ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر بہوجن سماج پارٹی مغربی اترپردیش کے انچارج سابق ایم ایل سی نوشاد علی افضال خان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پارٹی میں آنے سے پارٹی کو مزید تقویت ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی ہی مسلمانوں کی سب سے بڑی ہمدرد ہے ، ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے کہا کہ افضال خان ایک محنتی لیڈر ہیں ، ان کا پارٹی میں شامل ہونا پارٹی کے لئے مفید ثابت ہوگا۔ اس موقع پر بہوجن سماج پارٹی کے ضلع صدر جنیشور پرشاد ، سابق اسمبلی رکن رویندر مولہو، گنگوہ اسمبلی حلقہ کے انچارج قاضی نعمان مسعود، نکوڑ اسمبلی حلقہ کے انچارج ساحل خان سمیت ضلع کے بڑی تعداد میں کارکنان موجود رہے۔