نائب امیر شریعت کی قیادت میں امارت شرعیہ کا وفد رانچی روانہ

پٹنہ (ہندوستان اردو ٹائمز) امیر شریعت بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب مد ظلہ العالی کی ہدایت پر رانچی میں پیش آئی صورت حال کا جائزہ لینے, متاثرین اور مقتولین کے ورثاء سے مل کر اظہار تعزیت کرنے اور ان کی مالی اور قانونی امداد کرنے کی غرض سے امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کا ایک وفد نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب کی قیادت میں رانچی روانہ ہو گیا ہے. اس وفد میں مولانا سہیل اختر قاسمی نائب قاضی شریعت امارت شرعیہ, مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ اور مولانا سہیل سجاد انچارج امارت پبلک اسکول رانچی بھی شریک ہیں۔
یہ وفد متاثرین سے مل کر ان کو تسلی دے گا مقتولین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرے گا اور ان کی مالی و قانونی معاونت بھی کرے گا. واقعہ کے روز سے ہی حضرت امیر شریعت اور مرکزی دفتر کے ذمہ داران مسلسل حکومت اور انتظامیہ کے رابطہ میں ہیں اور صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں امارت شرعیہ رانچی کے قاضی شریعت مولانا محمد انور قاسمی اور ان کے رفقاء مسلسل صورت حال پر قابو پانے کے لیے کوشاں رہے ہیں. ان لوگوں نے شہداء کے جنازہ میں شرکت کی اور زخمیوں کے علاج و معالجہ کے نظم کا جائزہ لیا. امارت شرعیہ ماہرین قانون اور وکلاء کے مشورہ سے قصور وار پولیس والوں کے خلاف قانونی اقدامات کی بھی تیاری کر رہی ہے. سرکار سے بھی قصور واروں کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے. حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقتولین کے ورثاء کو اور زخمیوں کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔
حضرت امیر شریعت نے رانچی کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشان اوردلبرداشتہ نہ ہوں. امارت شرعیہ کے مرکزی اور ذیلی دفتر کے اہم ذمہ داران آپ کے درمیان موجود ہیں وہ آپ کی رہنمائی اور تعاون کریں گے. آپ ان کے مشورہ اور رہنمائی کے مطابق قانونی قدم اٹھائیں . ان شاء اللہ مظلوموں کو انصاف دلانے کی لڑائی میں امارت شرعیہ ہر قدم پر آپ کےساتھ ہے اور آخر دم تک انصاف کی یہ لڑائی لڑے گی جب تک کہ مظلوموں کو انصاف اور ظالموں کو سزا نہ مل جائے.