مہاراشٹر: شندے کابینہ نے اورنگ آباد اور عثمان آباد شہروں کے نام بدلنے کو دی منظوری

ممبئی، 16 جولائی (ہندوستان اردو ٹائمز) مہاراشٹر کی کابینہ نے سنیچر کو اورنگ آباد اور عثمان آباد کے شہروں کا نام بالترتیب چھترپتی سمبھاجی نگر اور دھاراشیو رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ مہاراشٹر میں اس وقت کابینہ میں صرف دو ارکان وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس ہیں، کیونکہ اس میں ابھی توسیع نہیں کی گئی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے مستعفی ہونے سے ٹھیک پہلے 29 جون کو ان کی سربراہی میں سابقہ حکمراں جماعت مہا وکاس اگھاڑی حکومت نے ان شہروں کے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاتھا، تاہم 30 جون کو حلف لینے والے شندے اور فڑفنویس نے کہا تھا کہ ٹھاکرے کی زیرقیادت حکومت کا ان شہروں کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ غیر قانونی تھا کیونکہ انہوں نے یہ فیصلہ گورنر کے اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے کہنے کے بعد لیا تھا۔
اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھاجی نگر کرنے کا فیصلہ گزشتہ ماہ ٹھاکرے کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ کے دوران لیا گیا تھا، لیکن شندے کی زیرقیادت حکومت نے ہفتہ کو اس سے پہلے چھترپتی لفظ کا اضافہ کیا۔
سی ایم او کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 جون کو (ٹھاکرے کی صدارت میں) ہونے والی کابینہ کی میٹنگ کی تفصیلات کو کابینہ میں نئی حکومت (شندے کی قیادت میں) نے منظوری دے دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ شیو سینا کے 55 میں سے 40 ایم ایل ایز کے ساتھ ساتھ 10 آزاد ایم ایل ایز کے شندے کے خیمہ میں شامل ہونے کے بعد ٹھاکرے کو مہاراشٹر کے وزیر اعلی کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔