دیوبند

موٹر سائیکلوں کی ٹکر کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے دو کم عمر بچے جاں بحق

دیوبند، 29؍ ستمبر (رضوان سلمانی) دیوبند کے تلہیڑی بزرگ میں دو موٹر سائیکلوں کی آمنے سامنے کی ٹکر میں دو بھائیوں کی موقع پر موت ہوگئی ، جب کہ ایک شخص شدید طو رپر زخمی ہوگیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق تلہیڑی بزرگ میں ہلاس گڑھ روڈ پر گزشتہ دیر شام دو موٹر سائیکلوں کی آمنے سامنے کی ٹکر میں 10سالہ عثمان ولد عبدالرحمن اور 18سالہ نوشاد ولد عبدالکریم ساکن تلہیڑی بزرگ کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ،

جب کہ موٹر سائیکل کی زد میں آکر 70سالہ بزرگ ایک شخص شدید طور پر زخمی ہوگیا ، جسے علاج کے لئے دیوبند کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ رات تقریباً 8بجے نوشاد اپنے چچا زاد بھائی عثمان کے ساتھ بذریعہ موٹر سائیکل ہلاس گڑھ سے واپس اپنے گائوں آرہا تھا ، جب وہ شمشان گھاٹ کے نزدیک پہنچے تو سامنے سے آرہے ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار سے ان کی آمنے سامنے کی زبردست ٹکر ہوگئی۔ حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ دونوں بھائی سڑک پر گرگئے اور ان کے سر میں چوٹ لگنے سے موقع پر ہی دونوں کی موت واقع ہوگئی۔

جب کہ موٹر سائیکل کی زد میں آکر پیدل کھیت سے گائوں تلہیڑی بزرگ واپس آرہے بزرگ شخص کلوا عرف عباس شدید طو ر سے زخمی ہوگیا ، وہیں دوسری بائک پر سوار نوجوان بھی کھیت میں گرگیا تھا اور وہاں سے وہ فرار ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی گائوں کے باشندے اوراہل خانہ موقعۂ واردات پر پہنچے اور دونوں لاشوں کو گائوں لے آئے ، جب کہ زخمی بزرگ کو علاج کے لئے دیوبند اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔

دو اموات سے تلہیڑی بزرگ گائوں میں کہرام مچا ہوا ہے ، واردات کے کافی دیر بعد موقع پر پہنچی پولیس نے تفصیلی معلومات حاصل کی ۔آج صبح غمگین ماحول میں کسی طرح کی قانونی کارروائی نہ کرتے ہوئے دونوں بھائیوں کو گائوں میں ہی سپرد خاک کردیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کی جانب سے کوئی تحریر نہیں دی گئی ہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button