مؤمن کو چاہئے کہ وہ اس ماہ میں رب کریم کی رحمتوں اور برکتوں سے اپنے دامن کو بھرنے کی کوشش کرے

دیوبند، 30؍ مارچ (رضوان سلما نی) اسلام کی بنیاد پانچ ارکان نماز،روزہ،زکوۃ اورحج کے علاوہ اولاً خدا کی واحدانیت کو ماننے اور دل سے قبول کرنے پر مشتمل ہے۔مخصوص عبادات،گشادگی ٔرزق،اللہ تعالیٰ کی خصوصی فضل وعنایات کا بابرکت مہینہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔رمضان المبارک امت مسلمہ کے لئے ایک عظیم نعمت ہے جس کا احترام ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے ان خیالات کا اظہار ادارہ خدمت خلق کے چیئرمین وقاص ہاشمی نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزے رکھنا اللہ تعالیٰ نے فرض قرار دیا ہے جس کی فرضیت سے متعلق ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ایمان والوں پر روزے اسی طرح فرض کئے گئے ہیں جس طرح پہلے کی امتوں پر فرض کئے گئے۔وقاص ہاشمی نے کہا کہ ماہ ِ مبارک کی آمد جیسے جیسے قریب آتی جاتی ہے ویسے ویسے اہل ِ ایمان کی خوشیوں اور مسرتوں میں اضافہ ہوتا چلاجاتا ہے کیونکہ ہر ایک مسلمان اس کی آمد کا انتظار ایک رمضان سے دوسرے رمضان تک کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقدس ماہ میں ہر مؤمن کے دل میں فکر آخرت اور اللہ تعالیٰ سے ملاقات کی خواہش پیدا ہوتی ہے اسلئے ہر ایک مؤمن کو چاہئے کہ وہ رب کریم کی رحمتوں اور برکتوں سے اپنے دامن کو بھرنے کی کوشش کرے۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان کی پہلی رات کو ہی تمام شیاطین وسرکش جنات قید کردئیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازوں کو بھی قید کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم پر ایک مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے جو بہت بڑا اور مبارک مہینہ ہے جس کی ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔اللہ رب العزت اس ماہ مقدس کا بہتر طریقے سے استقبال کرنے اور اس ماہ کی رحمتوں ،برکتوں کو سمیٹنے کے ساتھ بخشش ومغفرت اور جہنم سے آزادی کے حصول کے لئے عبادات کی توفیق عطا فرمائے اور تمام اعمال صالحہ کو آخرت میں ہر مؤمن کا ذریعہ نجات بنائے ۔آمین